عمران خان کی ذاتی زندگی کے ثبوت سامنے آئے تو وہ منہ نہیں دکھا سکیں گے: احسن اقبال


 

 وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان جمہوری عمل کے تسلسل کو روکنے کے لئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جب کہ ان کی ذاتی زندگی کے ایسے ثبوت موجود ہیں جنہیں اگر سامنے لایا جائے تو وہ کسی کو منہ نہ دکھا سکیں۔

نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری میں پنجاب کی 9 سیٹیں کم ہوگئی ہیں جب کہ بلوچستان اور خیبرپختون خوا کی سیٹیں مزید بڑھ گئی ہیں لیکن ہم نے جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی کے لئے نئی مردم شماری کے نتائج کو قبول کیا، اور اگر 1998 کی مردم شماری تحت انتخابات ہوئے تو کے پی کی 5 اور بلوچستان کی 3 نشستیں کم ہوں گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان اب چاہتے ہیں کہ کسی بھی طریقے سے قومی و صوبائی اسمبلیاں توڑ کر سینٹ الیکشن رکوا سکیں کیوں کہ ان کی پارٹی میں بغاوت ہوچکی ہے اور ان کے ممبران نے اسمبلی میں اعلان کردیا ہے کہ وہ سینٹ میں اپنی مرضی سے ووٹ ڈالیں گے۔ عمران خان قبل ازوقت الیکشن کی بات کرتے ہیں جو کے پی اور بلوچستان کے مفاد میں نہیں لیکن انہیں دونوں صوبوں کی فکر نہیں بلکہ اقتدار میں آنے کی جلدی ہے اور وہ اس کے لئے تمام سچے جھوٹے اقدامات کررہے ہیں اور جمہوری عمل کے تسلسل کو روکنے کے لئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ اونچا نہ اڑیں اور ضد و انا کی سیاست چھوڑ دیں، ان کی ذاتی زندگی کے ایسے ثبوت موجود ہیں جنہیں اگر سامنے لایا گیا تو وہ کسی کو منہ نہیں دکھا سکیں گے۔ ان کاکہنا تھا کہ انتخابات سے قبل سیاسی اتحاد ہوتے رہتے ہیں لیکن مصنوعی سانسوں اور وینٹی لیٹر پر چلنے والا اتحاد زیادہ دیر کامیاب نہیں ہوسکتا بلکہ سیاست میں وہی اتحاد کامیاب ہوتا ہے جس کی پشت پر عوامی طاقت ہو اور آج پاکستان میں امن و امان کی بہترین صورتحال اور معیشت کی ترقی کی بدولت مسلم لیگ(ن) کو عوامی تائید و اعتماد حاصل ہے اس لئے ہماری جماعت کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں اور اتحاد ناکام ہوجائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).