اسلام آباد ہائی کورٹ نے انتظامیہ کو فیض آباد دھرنا 24 گھنٹوں میں ختم کرنے کا حکم دے دیا


اسلام آباد

احتجاج کی وجہ سے ہر روز ہزاروں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ کو فیض آباد میں مذہبی جماعتوں کا گذشتہ دس روز سے جاری دھرنے کو اگلے 24 گھنٹوں میں ہر حال میں ختم کروانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ پہلے مظاہرین کے ساتھ مزاکرات کیے جائیں اور اگر اس میں کامیابی نہیں ملتی تو پھر طاقت کا استعمال کیا جائے۔

عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری اور رینجرز کی بھی اس ضمن میں مدد لی جاسکتی ہے۔

فیض آباد دھرنا: ’مظاہرین کو راستہ چھوڑنا ہوگا‘

دھرنا: مذہبی جماعتوں کا عدالتی حکم ماننے سے انکار

دھرنا ہوم ورک

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے جمعرات کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر واقع فیض آباد پر دھرنا دینے والی مذہی جماعتوں کو دھرنا ختم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم مظاہرین کے عدالت عالیہ کا یہ حکم ماننے سے انکار کردیا تھا۔

لبیک یا رسول اللہ اور سنی تحریک سے تعلق رکھنے والے افراد انتخابی اصلاحاتی بل کے مسودے میں میں ارکان پارلیمان کے لیے حلف میں ختم نبوت سے متعلق مبینہ طور پر ہونے والے ردبدل کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔

جمعے کے روز عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ڈپٹی کمشنر اور اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشن کو طلب کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ دھرنا ختم کرنے سے متعلق ضلعی انتظامیہ اس دھرنے کے مرکزی رہنما خادم حسین رضوی کو تین خطوط لکھ چکی ہے لیکن اُنھوں نے پر عمل درآمد نہیں کیا۔

اسلام آباد میں احتجاج

لبیک یا رسول اللہ ریلی کے شرکا فیض آباد میں دھرنا دیے ہوئے ہیں

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ضلعی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کو پریڈ ایونیو پر دھرنا دینے کو کیوں نہیں کہا گیا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ ضلعی انتٌامیہ کی نااہلی ہے کہ اُنھوں نے دھرنا ختم کروانے کے لیے اپنے اختیارات کا استعمال نہیں کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ سڑکیں بلاک ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کے حقوق سلب کیے جائیں۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد مشتاق نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کے محکمے سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین کی تعداد 1800سے 2000تک ہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ مظاہرین نے اپنے پاس پتھر اکھٹے کیے ہوئے ہیں جبکہ ان میں سے متعد افراد کے پاس اسلحہ بھی موجود ہے جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ریاست سے طاقت ور کوئی نہیں ہے۔

فیض آباد

یہ فیض آباد کا مرکزی اڈہ ہے۔ اس شاہراہ کی بندش کی وجہ سے دیگر شہروں کو آنے اور جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر دھرنا ختم کروانے کا حکم دیا تاہم ضلعی انتظامیہ کے افسران کا کہنا تھا کہ چونکہ آج جمعہ ہے اور مظاہرین نے احتجاج کی کال بھی دے رکھی ہے اور لوگوں کی تعداد بڑھنے کا بھی امکان ہےاس لیے بہتر ہے کہ اُنھیں 24گھنٹوں کا وقت دیا جائے۔ اس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو سنیچر کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے تک دھر نا ختم کروانے کا حکم دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp