خیالی ہندو عورت ’پدماوتی‘ کے لیے دیپیکا کی جان کو خطرہ؟


بالی وڈ ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کی نئی فلم پدماوتی ریلیز ہونے سے پہلے ہی، بلکہ فلمائے جانے کے دوران ہی، متنازعہ بن گئی تھی۔ فلم راجپوت رانی پدماوتی کے بارے میں ہے، اور راجپوت برادری کی تنظیم کرنی سینا نے اس فلم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں رانی پدماوتی کی غلط عکاسی کی گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تاریخ دان اس بات پر متفق ہیں کہ رانی پدماوتی دراصل ایک صوفی شاعر کے تخیل کا نتیجہ ہیں، اور بہت ممکن ہے کہ وہ درحقیقت کبھی وجود میں تھیں ہی نہیں۔

خیر خیالی رانی پدماوتی کی عزت کے خود ساختہ محافظوں نے جب ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اور اداکارہ دیپیکا پادوکون کو جان سے مارنے کی دھمکی، دیپیکا پادوکون کی ناک کاٹنے کی دھمکی، اور پھر دونوں کے قتل پر پانچ کروڑ انعام کا اعلان کیا تو ٹوئٹر پر بھی ایک جنگ چھڑ گئی۔

بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا نے لکھا کہ ’وہ لوگ جو دیپیکا پادوکون کو دھمکیاں دے رہے ہیں انہیں جیل میں ڈال دینا چاہیے۔ اس طرح کے لوگ اپنی گندی سیاست کے لیے ہمیشے فلم انڈسٹری جیسے ساف ٹارگیٹس کا انتخاب کرتے ہیں اور وہ ہر بار صاف بچ نکلتے ہیں۔ ہر بار!‘

اسی طرح مصنف منہاز مرچنٹ نے لکھا، ’کرنی سینا کی پرتشدد دھمکی کے بعد اس کے رہنماؤں کو اب تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟‘

اداکارہ مانوی گگرو نے ناک کاٹنے کی دھمکی کے حوالے سے ٹویٹ کیا، ’تو اب ایک خیالی ہندو عورت کی عزت کے لیے ایک جیتی جاگتی ہندو عورت کو ایک ہندو مقدس کتاب میں درج بےعزتی کی دھمکی دی جا رہی ہے؟!‘

ارینا اکبر نے فلم کے دوسرے بڑے کردار علاؤالدین خلجی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ‘کیا مسلمانوں کو بھی ریلیز سے پہلے فلم دیکھنے کا مطالبہ کرنا چاہیے؟ راجپوت دیکھنا چاہتے ہیں کہ کہیں ان کی راجپوت رانی کی بےحرمتی تو نہیں ہوئی۔ مسلمانوں کو بھی دیکھنا چاہیے کہ کہیں اُن کے مسلمان بادشاہ کی بےعزتی تو نہیں کی گئی۔ سمجھ تو یہی کہتی ہے، نہیں؟‘

ساتھ ہی کرنی سینا کی حمایت اور بھنسالی کے خلاف بھی کئی لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ٹوئٹر صارف سشما سنگھ نے کہا کہ ’ہم تشدد کے خلاف ہیں لیکن بھنسالی نے راجپوت راج گھرانوں اور کرنی سینا سے وعدہ کیا تھا کہ ریلیز سے پہلے ان کو فلم دکھائی جائے گی۔ اب وہ ایسا کیوں نہیں کر رہے؟ بات صاف ہے، مشہوری کے لیے ان کے جذبات سے کھیل کر اس طرح کی اوچھی حرکتیں کر رہے ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر بحث کے ساتھ ساتھ آج چتوڑگڑھ میں فلم کے خلاف احتجاج بھی ہوا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32473 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp