‘کتا پالنے سے دل کی بیماریوں اور موت کا خطرہ کم’


کتا

سویڈن میں ایک تحقیق کے مطابق کتے پالنے والے افراد کو دل سے متعلق بیماریوں یا دوسری وجوہات سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ٹیم نے 40 سے 80 سال کے درمیان کی عمر والے افراد کو قومی رجسٹری سے منتخب کیا اور پھر ان کا کتے کے مالکان کے رجسٹر سے موازانہ کیا۔

تحقیق کے مطابق کتے رکھنے والوں اور بطور خاص شکاری نسل کے کتے رکھنے والوں کو دل کی بیماریوں کا کم خطرہ تھا۔

محققین کا کہنا ہے کہ کتے رکھنے سے جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ ہو جاتا ہے اور شاید فعال افراد ہی کتا رکھنا پسند کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کتے پالنے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ اس لیے بھی کم ہوتا ہے کہ اس سے ان کے سماجی رابطے اور خوشی میں اضافہ ہوتا ہے یا مالکان کے اندر کے بیکٹریا کا مائیکرو بایوم تبدیل ہو جاتا ہے۔

مائیکرو بایوم انتہائی چھوٹے بیکٹریا کا ہجوم ہے جو معدے میں رہتا ہے۔ یہ کہا جاتا ہے کہ کتے اپنے مالکان کے مائیکرو بایوم تبدیل کر دیتے ہیں کیونکہ گھر کے ماحول میں ملنے والے گرد کو بدل دیتے ہیں اور ان کے مالکان ایسے بیکٹیریا کے رابطے میں آتے ہیں جو ان کی غیر موجودگی میں نہیں آ سکتے ہیں۔

کتا

محققین کا کہنا ہے کہ جو لوگ تنہا رہتے ہیں ان کے لیے کتے بطور خاص محافظ ہوتے ہیں۔

اس تحقیق کی سربراہ موئنیا موبانگا نے بتایا کہ ‘کتے کے مالک کے نتائج سے پتہ چلا کہ ان کی موت کے خطرے 33 فیصد تک کم ہوئے جبکہ دل کے دورے کا خطرہ 11 فیصد تک کم نظر آيا۔’

اس بارے میں مزید پڑھیے

٭ کتا انسان کا دوست کیوں ہوتا ہے؟

٭ دنیا کا بدصورت ترین کتا

٭ یادداشت کھو جانے والی خاتون کا سراغ

اس سے قبل ایک تحقیق میں بتایا گيا تھا کہ جو لوگ تنہا رہتے ہیں ان میں دل کی بیماری کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

ڈاکٹر موبانگا نے بتایا: ‘شاید کتا اس تنہا شخص کے گھر میں اہم گھریلو رکن کا کردار ادا کرتا ہے۔’

کتا

یہ تحقیق کہ’سائنٹفک رپورٹ’ میں شائع ہوئی ہے اور اس میں سنہ 2001 سے 2012 تک کے اعداد و شمار لیے گئے ہیں۔‘

خیال رہے کہ سویڈن میں جب بھی آپ ہسپتال جاتے ہیں تو قومی ڈیٹا بیس میں آپ کا ریکارڈ محفوظ کر لیا جاتا ہے اور کتے رکھنے کا رجسٹر بھی سنہ 2001 سے لازمی ہے۔

برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر مائیک نیپٹن کا کہنا ہے کہ پہلے بھی کتا پالنے سے دل کی بیماریوں کے کم خطرے کے تعلق کا پتہ تھا لیکن اتنا جامع نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ‘کتا پالنے کے بہت سے فوائد ہیں اور اب ہم ان میں دل کی اچھی صحت کو بھی شامل کر سکتے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp