نپولین کے تاج میں جڑا سونے کا پتا، سوا چھ لاکھ یورو میں نیلام


طلائی پتا

یہ طلائی پتّا فرانس کے بادشاہ نیپولین بوناپارٹ کے تاج میں پیوست تھا

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ ایک نیلامی میں فرانس کے بادشاہ نیپولین بوناپارٹ کے تاج میں جڑا ایک سونے کا پتّا سوا چھ لاکھ یورو میں نیلام ہوا۔

یہ سونے کا پتّا نیپولین کے اس تاج میں پیوست تھا جو انھیں ان کی تاجپوشی پر پہنایا گيا تھا۔

عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اوسنیٹ نیلامی گھر نے بتایا کہ ‘نیپولین کے تاج پر لگے برگ کی بولی اندازے سے کہیں زیادہ لگائی گئی۔’ انھوں نے یہ اندازہ لگایا تھا کہ یہ ایک سے ڈیڑھ لاکھ یورو میں نیلام ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں

٭ چرچل کا سگار 12 ہزار ڈالر میں نیلام

٭ ہٹلر کے فون کی امریکہ میں نیلامی ہو گی

٭ ٹیپو سلطان ’رام‘ کے نام کی انگوٹھی پہنتے تھے

یہ پتّا 1804 میں ہونے والی تاجپوشی میں استعمال ہونے والے تاج سے نکالی جانے والی چھ چیزوں میں سے ایک تھا کیونکہ بادشاہ کا خیال تھا کہ ان کی موجودگی میں تاج زیادہ وزنی ہو گیا ہے۔

اس پتّے کا وزن ایک تولہ یا دس گرام تھا اور اس کا طول 2۔9 سینٹی میٹر جبکہ عرض ڈھائی سینٹی میٹر بتایا گيا ہے۔

طلائی پتا

اس کا وزن دس گرام بتایا گيا ہے

تاج کو بنانے والے زرگر مارٹن گیوم بینائس نے نکالی جانے والے ایک ایک طلائی برگ کو اپنی بیٹیوں میں تقسیم کر دیا تھا جو نیلامی کے وقت تک نسل در نسل اسی خاندان کی ملکیت رہے۔

ایک طلائی پتّا جو تاجپوشی کے دوران تاج پر تھا اس کی سنہ 1980 کی دہائی میں نیلامی ہوئی تھی جس کی اس وقت 80 ہزار فرانک بولی لگائی گئی تھی۔

٭ نایاب گلابی ہیرے نے نیلامی کے ریکارڈ توڑ دیے

٭ ٹن ٹن کا خاکہ پانچ لاکھ ڈالر میں فروخت

خیال رہے کہ اتوار کو فرانس کے بادشاہ سے تعلق رکھنے والی تقریبا 400 اشیا کی نیلامی ہوئی۔

اس میں طلائی پھولوں کے کندے والی ایک صندوقچی ڈیڑھ لاکھ یورو میں نیلام ہوئی جوکہ امید سے تین گنا زیادہ قیمت لائی۔ یہ صندوقچی بھی بینائس نے بنائي تھی اور یہ بادشاہ نیپولین کی بیوی ملکہ جوزفین کی ملکیت تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp