پنڈت نہرو کی خواتین کے ساتھ تصاویر کا سکینڈل


گذشتہ ہفتے کی سب سے بڑی فیک نیوز آزاد  بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو سے متعلق تھی۔  14تاریخ کو جواہرلعل نہرو کا یوم پیدائش تھا  اوراس کے اگلے دن ہی بی جے پی کی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ  نے خواتین کے ساتھ نہرو کی کچھ تصویریں  اپنے ٹوئٹر پر شیئر کر دی اور نہرو کو بدنام کرتے ہوئے یہ لکھا کہ گجرات کے نوجوان لیڈر ہاردک پٹیل کا ڈی این اے بھی یہی ہے ۔

وقتا ًفوقتا  ً ان تصویروں کو پنڈت نہرو کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے اور ان کارناموں کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ نہرو کےچال چلن اوران کی  ذاتی زندگی پر سوالیہ نشان لگایا جائے ! الٹ نیوز  نے ان نو تصویروں کی اصلیت اس طرح واضح کی :

تصویر1: پہلی تصویر میں پنڈت نہرو اپنی بہن وجے لکشمی کے ساتھ ہیں۔ وجے لکشمی اس وقت بھارت کی طرف سے روس کی سفیر  تھیں ۔یہ تصویر اس وقت کی ہے جب وجے لکشمی روس سے  بھارت آئی تھیں اور دہلی ائیرپورٹ پر نہرو نے  انکا خیر مقدم کیا تو انہیں اپنے گلے سے لگا لیا تھا  ! نہرو کا اپنی بہن وجے لکشمی کو یہی گلے لگانا زعفرانی فکر کو ناگوار گزرا ہے!

تصویر 2:دوسری تصویر میں پنڈت نہرو  لارڈ  ماؤنٹ بیٹن کی زوجہ لیڈی ماؤنٹ بیٹن کے ساتھ ہیں اور اس تصویر میں وہ لیڈی ماؤنٹ بیٹن کے ساتھ ہنسی مذاق کر رہے ہیں۔ الٹ نیوز نے اس پر سوال اٹھایا  کہ کیا امیت مالویہ کی رول بک میں اس کی جگہ نہیں ہے؟

تصویر 3: یہ تیسری تصویر بھی نہرو اور انکی بہن وجے لکشمی کی ہے ۔1949 میں جب نہرو اپنے امریکہ دورے پر گئے تھے تو وجے لکشمی اس وقت ہندوستان کی طرف سے امریکہ کی سفیر تھیں ۔ جب نہرو امریکی ائیرپورٹ پر اترے تو انکی بہن نے انکا اس طرح خیر مقدم کیا جیسا کہ تصویر میں دکھایا گیا ہے !یہ امیت صاحب کوپسند نہیں آیا ہے !

تصویر  4:امریکہ کے سابق صدر جان ایف کینیڈی کی زوجہ جیکلین کینیڈی اپنے شوہر کے ساتھ 1962 میں بھارت تشریف لائیں تھی۔ الٹ نیوز کے مطابق یہ تصویر اس وقت کی ہے اور تصویر میں نہرو محترمہ کینیڈی کا  خیر مقدم ایک تِلک یا ٹیکا لگاکر کر رہے ہیں۔  تلک یا ٹیکا لگاکر خیر مقدم کرناخالص ہندوستانی تہذیب کا حصہ ہے لیکن مالویہ صاحب کو یہ بھی برداشت نہیں ہوا !

تصویر  5:اس تصویر میں نہرو معروف کتھاکلی فنکار ہ مرنالنی سارا بھائی کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ کتھاکلی ایک طرح کا رقص ہے جو ان دنوں اتنا عام نہیں تھا۔ نہرو فن و ہنر کے بڑے پاریکھ تھے ۔1948 میں  جب دہلی میں مرنالنی سارا بھائی کی پرفارمنس ہوئی تو بقول مرنالنی پرفارمنس کے بعد نہرو جی ان سے ملے اور ان کی بہت تعریف کی۔ اپنے ایک انٹرویو میں مرنالنی نے یہ بات کہی تھی۔ مرنالنی کی نہرو سے عقیدت کی دو وجہ تھیں ؛ ایک یہ کہ انکی والدہ جنگ آزادی میں شریک ہوئی تھیں اور دوسری یہ کہ انکے شوہر وکرم سارا بھائی کے گھرانے سے بھی نہرو کے  گہرے تعلقات تھے ۔

تصویر  6:اس تصویر میں نہرو سگریٹ سلگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر میں ہاردک پٹیل کا ڈی این اے کیسے نظر آ جاتا ہے، یہ تو امیت مالویہ صاحب ہی بتا سکتے ہیں !

تصویر  7:اس تصویر میں نہرو کی بھانجی نین تارا سہگل  پنڈت نہرو  کا بوسہ لے رہی ہیں۔ تصویر میں سہگل کی ماں اور نہرو کی بہن وجے لکشمی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے ۔ یہ تصویر 1955کے لندن ائیرپورٹ کی ہے اور وجے لکشمی اس وقت لندن میں ہائی کمشنر تھیں ۔ نہرو جب کہیں لندن، امریکہ تشریف لے جاتے تھے تو ان کا استقبال اسی خلوص کے ساتھ کیا جاتا تھا۔ لوگوں کی طرف سے نہرو کے لئے یہ خلوص آج کے دور میں گناہ ہے !

تصویر  8:اس تصویر میں نہرو  ماؤنٹ بیٹن کی بیٹی پامیلا ماؤنٹ بیٹن کے ساتھ دہلی میں نظر آ رہے ہیں ۔ اخبار دی ہندو سے حاصل کی گی اس تصویر میں پامیلا کے والدین کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

تصویر  9: آخری  تصویر میں نہرو برطانیہ کی ہائی کمشنر مسز سائمن کی سگریٹ جلا رہے ہیں۔

محمد نوید اشرفی
دی وائر اردو

https://www.altnews.in/bjp-cell-head-amit-malviya-shares-affectionate-pictures-nehru-sister-niece-claims-hardik-patels-dna/

 

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).