حاملہ خواتین کو کروٹ سونے کا مشورہ کیوں؟


کروٹ

Science Photo Library
سائنسدانوں نے خواتین کو دوران حمل کروٹ سونے کا مشورہ دیا ہے

سائنسدانوں نے حاملہ خواتین کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ بچے کی پیدائش سے تین مہینہ قبل سے کروٹ سوئیں تاکہ مردہ بچے کی پیدائش سے بچا جا سکے۔

ایک ہزار خواتین پر کی جانے والی ایک تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ اگر خواتین حمل کی آخری سہ ماہی میں پیٹھ کے بل سوتی ہیں تو بچے کی موت کا خطرہ دگنا ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 291 ایسی خواتین کے معاملے کی جانچ کی گئی ہے جن کے ہاں مردہ بچے پیدا ہوئے تھے جبکہ تحقیق میں 735 ان خواتین کے معاملے کی بھی جانچ کی گئی تھی جنھیں زندہ بچے پیدا ہوئے۔

محققین کا کہنا ہے کہ خواتین جس انداز میں سوتی ہیں وہ بہت اہم ہے اور جب وہ بیدار ہوتی ہیں اور یہ دیکھتی ہیں کہ وہ اپنی پیٹھ کے بل سو رہی تھیں تو انھیں اس بات سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں ہر سوا دو سو بچے کی ولادت میں ایک مردہ بچہ پیدا ہوتا ہے جبکہ اس تحقیق کے مصنفوں کا کہنا ہے کہ اگر خواتین کروٹ سوئیں تو سال میں کم از کم 130 بچوں کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

٭ نیند کی کمی سے دماغ کیسے متاثر ہوتا ہے؟

٭ ’ادھوری نیند دفتر میں لڑائی اور خراب رویے کا سبب‘

٭ نیند کی کمی سے زیادہ بھوک کیوں لگتی ہے

برٹش جرنل آف آبسٹیٹرکس اینڈ گائیناکلوجی (بیجوگ) میں شائع تحقیق اپنے قسم کی اب تک کی سب سے وسیع تحقیق ہے اور یہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں کی جانے والی تحقیق کے نتائج کی تصدیق کرتی ہے۔

اس تحقیق کے سربراہ اور سینٹ میری ہسپتال میں ٹومی سٹل برتھ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر الیگزینڈر ہیزیل خواتین کو یہ مشورہ دیتے ہیں کہ حمل کی تیسری سہ ماہی میں وہ کبھی بھی سوئیں تو کروٹ ہی سوئیں۔

انھوں نے کہا: ‘میں یہ نہیں چاہتا کہ جب حاملہ خواتین بیدار ہوں اور دیکھیں کہ وہ پیٹھ کے بل سو رہی ہیں تو کہیں وہ ڈر نہ جائیں کہ انھوں نے اپنے بچے کو نقصان تو نہیں پہنچا دیا۔’

ان کے مطابق جس پوزیشن میں آپ سونے جاتے ہیں وہ زیادہ اہم ہے نہ کہ جس پوزیشن میں آپ بیدار ہوتے ہیں۔

ماں بچہ

ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ کروٹ سونے سے برطانیہ میں ہر سال کم از کم 130 بچوں کو بچایا جا سکتا ہے

انھوں نے کہا: ‘آپ جس پوزیشن میں بیدار ہوئے ہیں اس کے متعلق آپ کچھ نہیں کرسکتے لیکن جس پوزیشن میں آپ سونے جا رہے ہیں اس کے بارے میں آپ کچھ کر سکتے ہیں۔’

کروٹ سونے کے نسخے

  • اپنے پیچھے تکیہ یا تکیے لے لیں تاکہ کروٹ سونے میں مدد ملے
  • جب رات میں بیدار ہوں تو سونے کی اپنی پوزیشن کی جانچ کریں اور پھر کروٹ سونے کی کوشش کریں۔
  • رات کی طرح دن میں بھی اس پوزیشن پر ہی آرام کرنے کی کوشش کریں۔
  • اگر رات میں پیٹھ کے بل سوتے ہوئے بیدار ہوں تو پریشان نہ ہوں بلکہ کروٹ لے کر سو جائيں۔
  • اس تحقیق میں دائیں اور بائیں کروٹ سونے کی وجہ سے کوئی فرق نظر نہیں آیا ہے۔ (ذریعہ: ٹومی چیریٹی)

مردہ بچے کی پیدائش کے خطرے کے اضافے کے بارے میں وثوق کے ساتھ تو کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن بہت سے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ جب کوئی حاملہ خاتون پیٹھ کے بل سوتی ہے تو بچہ اور بچہ دانی دونوں کا وزن خون کی نلی پر اثر ڈالتا ہے جس سے بچے میں آکسیجن کی کمی ہو سکتی ہے۔

بہرحال بیجوگ کے ایڈوارڈ مورس نے اس تحقیق کے نتائج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا: ‘یہ ایک اہم مطالعہ ہے جو مزید شواہد فراہم کرتا ہے کہ حاملہ خواتین کے سونے کی پوزیش بچے کی پیدائش پر اثر انداز ہوتی ہے جسے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp