بی پی ایل: حسن علی کی پہلے ہی میچ میں پانچ وکٹیں


بنگلہ دیش میں کھیلی جارہی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی بولر حسن علی نے اپنے پہلے میچ میں 20 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور مین آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

پیر کو ڈھاکہ میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے خلاف کھیلے گئے میچ میں حسن علی نے پانچوں کھلاڑیوں کو بولڈ کیا۔

حسن علی نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایون لیوئس اور مہدی معروف کو پویلین کی راہ دکھائی اور بعد ازاں مصدق حسین، محمد صدام حسین اور ابو حیدر کی وکٹیں حاصل کی۔

حسن علی کی عمدہ بولنگ کی بدولت ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی پوری ٹیم 128 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہوگئی اور کومیلا وکٹویئنز نے مقررہ ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا جس میں شعیب ملک کے ناقابل شکست 54 رنز بھی شامل تھے۔

آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر براجمان فاسٹ بولر کسی ٹی 20 میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو بولڈ کرنے والے دوسرے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل بنگلہ دیشی بولر روبیل حسین یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ حسن علی پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی سیزن میں پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ بننے کے بعد منظرعام پر آئے تھے اور وہ رواں سال ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp