پشاور میں خودکش حملے میں ایڈیشنل آئی جی محمداشرف نورشہید


 

پشاور کے علاقے حیات آباد میں زرغونی مسجد کے قریب بم دھماکا ہواہے جس کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر محمداشرف نور شہید اور 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں صبح 9 بجے ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر اشرف نور اپنے گھر سے دفتر جارہے تھے کہ راستے میں زرغونی مسجد کے سامنے ان کی گاڑی کو بم سے اڑادیا گیا۔ حملے میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر محمد اشرف نور شہید اور 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ سی سی پی او پشاور طاہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسے خودکش حملہ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینس، ریسکیو اہلکار اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں لرز اٹھیں اورعمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس کے مطابق شہید ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور کی میت اور زخمی ہونےوالے تمام افراد کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔ جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کرجائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).