ایران کا جواب: ’دنیا سعودی شہزادے کے نادان بیانات کو اہمیت نہیں دیتی‘


ایران

ایران کے دفتر خارجہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے کہا ہے کہ خطے کے مشہور آمروں کے ساتھ جو ہوا ہے اس کے بارے میں سوچیں۔

ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے محمد بن سلمان کی جانب ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کو ‘مشرقِ وسطیٰ کے نیا ہٹلر’ کہنے کے جواب میں یہ بیان جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

محمد بن سلمان: خامنہ ای مشرقِ وسطیٰ کے ہٹلر ہیں

سعودی عرب اور اسرائیل کی یہ بڑھتی قربت کیوں؟

سعد حریری نے استعفیٰ ’عارضی طور پر معطل کر دیا‘

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی اثنا کے مطابق بہرام قاسمی نے کہا کہ ‘سعودی شہزادے کے نادان اور بے بنیاد بیانات اور رویے کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی ان کے بیانات کو اہمیت نہیں دیتا۔’

ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مہم جو سعودی شہزادے کی غلطیوں کے باعث مشکلات پیدا ہوئی ہیں اور ان غلطیوں میں تازہ ترین لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا سکینڈل ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘میں ان (سعودی شہزاردے) کو مشورہ دیتا ہوں کہ گذشتہ چند سالوں میں خطے کے مشہور آمروں کی قسمت کے بارے میں سوچیں اور غور کریں کیونکہ اب وہ ان کی پولیسیوں اور رویوں کو اپنا رول ماڈل بنا رہے ہیں۔’

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہم نے یورپ سے سیکھا ہے کہ خوشامدانہ پالیسی کام نہیں کرتی۔ ہم نہیں چاہتے کہ ایران کے نئے ہٹلر مشرقِ وسطیٰ میں وہ دہرائیں جو ہٹلر نے یورپ میں کیا تھا’۔

محمد بن سلمان

محمد بن سلمان نے انٹرویو کے دوران کہا کہ سعودی عرب اور اس کے ہم خیال عرب ملک خطے میں بڑھتے ہوئے ایرانی اثر و نفوذ پر بند باندھنے کے لیے امریکی صدر ٹرمپ کی پشت پناہی سے اتحاد قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ایران کا اعلان:’شام اور عراق میں دولت اسلامیہ کو ختم کر دیا‘

’شام اور فلسطینیوں کو اسلحہ فراہم کیا، حوثیوں کو نہیں‘

سنی اکثریتی ملک سعودی عرب اور شیعہ اکثریتی ایران مشرقِ وسطیٰ میں سرد جنگ کی حالت میں ہیں اور وہ کئی ملکوں میں اپنی اپنی حمایت یافتہ تنظیموں کی مدد سے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں۔

1979 میں ایران میں مذہبی حکومت قائم ہونے کے بعد سے دونوں کی رقابت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp