موبائل فون میں لینڈ لاین والی ڈائل ٹون کیوں نہیں آتی؟


گھروں میں آج بھی لگے لینڈ لائن فون کا ایک نمایاں فیچر ڈائل ٹون ہے۔

ڈائل ٹون کی مسلسل آواز ظاہر کرتی ہے کہ فون کال کرنے کے لیے تیار ہے۔ آپ نمبر ڈائل کرنا شروع کریں تو ڈائل ٹون بند ہوجاتی ہے۔ نمبر ڈائل ہونے پر کال کنیکٹ ہونے کا عمل از خود شروع ہوجاتا ہے۔

اس کے برعکس موبائل فون میں ڈائل ٹون نہیں ہوتی اور نمبر ڈائل کرنے کے بعد کال ملانے کے لیے ایک بٹن دبانا بھی ضروری ہے۔ اس انوکھے فرق کی وجہ موبائل فون نیٹ ورک کے بانیوں میں شمار ہونے والے الیکٹریکل انجینئر، فل پورٹر کا وہ فیصلہ ہے جو اس نے آج سے تقریباً نصف صدی قبل کیا تھا۔

جب یہ سوال کھڑا ہوا کہ موبائل فون میں ڈائل ٹون ہونی چاہیے یا نہیں ، تو پورٹر کا فیصلہ تھا کہ موبائل فون میں ڈائل ٹون نہیں ہوگی۔ اس کے برعکس صارف نمبر ڈائل کرے گا اور پھر ایک بٹن دبا کر کال ملانے کا عمل شروع کرے گا۔ اس نے فیصلے کی وجہ یہ بیان کی کہ اس طریقے سے نیٹ ورک کا استعمال نسبتاً مختصر دورانیئے کے لیے ہوگا۔ جب کروڑوں صارفین بیک وقت موبائل نیٹ ورکس استعمال کریں گے تو نہ صرف ان کا وقت بچے گا بلکہ نیٹ ور ک پر دباؤبھی کم ہوگا۔

پورٹر کا یہ فیصلہ اس قدر مفید ثابت ہوا کہ 1971سے لے کر اب تک یہی طریقہ استعمال ہورہا ہے ۔ ایس ایم ایس اور دیگر کئی ٹیکنالوجیوں کی بنیاد بھی یہی اہم فیصلہ بنایا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).