اسلام آباد میں رینجرز اور مظاہرین میں جھڑپ، مختلف شہروں میں ہنگامے


اسلام آباد: ہائی وے پر رینجرز اور مذہبی جماعت کے مظاہرین میں جھڑپ ہوئی اور اس دوران ایک گاڑی اور 5 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں ہائی وے پر رینجرزاور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار اپنی چیک پوسٹ چھوڑ کر پیچھے ہٹ گئے۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائرکیے ہیں۔ جھڑپ کے دوران مظاہرین نے ایک گاڑی اور 5 موٹرسائیکلوں کو نذر آتش کردیا ہے۔

ادھر فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعتوں کا دھرنا آج بھی جاری ہے اور کشیدہ صورت حال ہے۔ فیض آباد آپریشن کے دوران جاں بحق حافظ عدیل کی نماز جنازہ اس کے آبائی علاقے پنڈی گھیب ڈلیاں چوک میں ادا کردی گئی جس میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے دھرنا ختم کرانے کے لیے آپریشن کیا تھا۔ اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑٖپوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

اسلام آباد آپریشن کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں دھرنے دیے گئے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد آپریشن کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر میں دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کاروبار زندگی متاثر ہوگیا ہے۔ متعدد شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ مظاہرین نے اہم شاہراہوں کو بلاک کرکے احتجاج کیا جس کے نتیجے میں سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ احتجاجی مظاہرین اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں کے خلاف آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں اور حکومت کے خلاف نعرے بازے کررہے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں سہراب گوٹھ، لیاقت آباد، ملیر، بلدیہ ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن میں دھرنے دیے گئے اور احتجاج کیا گیا جب کہ مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر 9 روز سے جاری ہے۔ سہراب گوٹھ پر دھرنے کے باعث ٹرک، ٹرالرز اور ٹینکرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جب کہ صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے ٹھیلوں کو آگ لگادی ہے۔
لاہور میں تحریک لبیک کے علما اور کارکنوں کا شاھدرہ چوک میں دھرنا جاری ہے۔ شاھدرہ چوک کو چاروں اطراف سے بسوں اور ٹرک ٹرالیوں کو کھڑا کر کے بند کردیا گیا ہے۔ نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرہ کی طرف جانے والی تمام راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور فیروز پور روڈ پر کنٹینر کھڑے کردیے گئے ہیں۔

دوسری جانب میرپور میں پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے منگلا پل پر احتجاجی دھرنا دیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کا آزاد کشمیر سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
ملتان، فیصل آباد، ڈسکہ، بورے والا، فیروز والا اور فاروق آباد میں بھی احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔ ٹریفک جام ہونے سے میلوں لمبی لائنیں لگ گئی جب کہ بازاروں کو زبردستی بند کروا دیا گیا۔ کنگن پور میں کراچی جانیوالی فرید ایکسپریس کو مظاہرین نے روک لیا۔

کامونکے میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر بند ہے۔ بورےوالا میں ملتان روڈ پر نہر کے پل پر دھرنا جاری اور ٹریفک بند ہے۔ ادھر پشاور میں موٹروے اسلام آباد کی جانب سے بند ہے۔ قصور میں بھی تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف مظاہرے دوسرے روز بھی جاری ہیں۔
حیدرآباد، سکھر، بدین، نوابشاہ، ٹنڈوالہیار، ٹنڈوآدم، کوٹری میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری ہے اور شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ تاندلیانوالہ میں لکڑمنڈی سے مذہبی جماعت نے ریلی نکالی۔ مانانوالہ، گوجرانوالہ، ہارون آباد، تلہ گنگ، کندھ کوٹ میں بھی احتجاج جاری ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).