نواز شریف ریفرنسز کیس: احتساب عدالت ہائی کورٹ کے فیصلے کی منتظر


نواز شریف

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کے بچوں اور داماد کے خلاف دائر ریفرنسز کیس کی سماعت دوپہر ایک بجے تک ملتوی کر دی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کی احستاب عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی وجہ نواز شریف کے خلاف تینوں ریفرنسز کو اکھٹا کرنے کی درخواست سے متعلق ہائی کورٹ کا متوقع فیصلہ ہے۔

پیر کی صبح نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ہمراہ نیب عدالت میں پیش ہوئے۔

کیس کی سماعت شروع ہونے سے قبل نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ ہائی کورٹ کے متوقع فیصلے تک کارروائی ملتوی کرے۔

عدالت نے ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ کے فیصلے کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا اور بغیر کارروائی کے دن ایک بجے تک کے لیے سماعت ملتوی کر دی۔

حسن اور حسین کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم

’آپ لڑ لیں میں عدالت سے چلا جاتا ہوں‘

نواز اور ان کے بچوں کے خلاف دائر ریفرنس نامکمل قرار

عدالت سے واپس پنجاب ہاؤس روانہ ہوتے ہوئے نواز شریف نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ ’مجھے تو لگتا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے کیس میں بھی مجھے ہی نا اہل قرار دیا جائے گا۔‘

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نااہل قرار دیے گئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے تین ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست کو اپنے چیمبر میں سماعت کے بعد مسترد کردیا تھا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ پاناما لیکس سے متعلق اپنے 28 جولائی کے فیصلے میں نہ صرف سابق وزیر اعظم کو نااہل قرار دے چکی ہے بلکہ قومی احتساب بیورو کو نواز شریف اور اُن کے بچوں کے خلاف تین ریفرنسز دائر کرنے کا حکم بھی دیا۔

میاں نواز شریف اور ان کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف دبئی میں گلف سٹیل ملز کے قیام، لندن میں ایون فیلڈ پراپرٹیز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے ریفرنس شامل ہیں جبکہ ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد محمد صفدر ایون فیلڈ پراپرٹیز میں ملزمان ہیں۔

دوسری جانب احتساب عدالت اسحاق ڈار کے خلاف دائر ریفرنس کیس کی سماعت کر رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32556 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp