اب ہم دھرنا دیں گے، کارکن کنٹینر تیار رکھیں: طاہرالقادری


پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک بار پھر دھرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن تیار رہیں وہ کسی بھی وقت کال دے سکتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کی مصدقہ کاپی نہیں مل سکی تاہم حکومت کی جانب سے دی گئی رپورٹ کی کاپی کا بغورمطالعہ اور مشاہدہ کیا ہے، کل ہمارے وکلا اور کور کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہے جس میں اصل رپورٹ آنے پر تقابلی جائزہ لیا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ اصل رپورٹ تک رسائی حاصل کر سکیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ حکومتی ترجمان کے مطابق رپورٹ میں کسی کو ذمہ دارنہیں ٹھہرایا گیا تاہم نجفی کمیشن رپورٹ شہباز شریف اور رانا ثنا ءاللہ کو ذمے دار ٹھہرانے کیلیے کافی ہے۔ رپورٹ میں لکھا ہے بیریئر ہٹانا ایک بہانہ تھا جب کہ قتل عام کا فیصلہ شہبازشریف اور رانا ثنااللہ کی طرف سےہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گولی چلانے کے آرڈر پر کوئی پولیس اہلکار جواب دینے کو تیار نہیں تھا جب کہ کمیشن بننے کے بعد جج نےحکومت کو خط لکھ کر مزید اختیارات مانگے لیکن شہباز شریف نے ہوم سیکریٹری کے ذریعےاختیارات دینے سے انکار کر دیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کو کنٹینر تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی کال کسی بھی لمحے دی جا سکتی ہے لہذا کارکن تیاری رکھیں ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).