خودکشی کرنے کے لیے پہلی جدید مشین


مغربی معاشروں میں ’رحمدلانہ موت‘ (Mercy killing)کی ایک اصطلاح پائی جاتی ہے۔ یہ ایسے لوگوں کو جان سے مارنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو کسی انتہائی تکلیف میں ہوں، زندہ بھی نہ رہ سکتے ہوں اور موت بھی نہ آ رہی ہو۔ یہ کام کئی مغربی ممالک میں قانونی ہے اور اس کے لیے باقاعدہ کلینک بنائے گئے ہیں۔ اب آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے اس کام کے لیے ایک ایسی ’خودکش مشین‘ ایجاد کر لی ہے جو صرف 5منٹ میں آدمی کو انتہائی آسان موت سے ہمکنار کر سکتی ہے۔ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق اس مشین کا نام سیکرو(Sacro)ہے۔یہ مشین ایجاد کرنے والے آسٹریلین ڈاکٹرفلپ نتشے ، جو ’ڈاکٹر ڈیتھ‘ کے نام سے معروف ہے، کا کہنا ہے کہ یہ مشین آئندہ سال بڑے پیمانے پر دستیاب ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق یہ مشین تھری ڈی پرنٹڈ بیس پر مشتمل ہے جس میں مائع نائیٹروجن کے کنستر اور ایک انسانی قد کے برابر کیپسول لگا ہوا ہے۔ اس کیپسول کو بیس سے جدا کرکے بطور تابوت بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔خودکشی کے خواہش مند شخص کو اس کیپسول کے اندر لیٹ کر مشین کو ایک بٹن دبا کر چالو کرنا ہو گا، بٹن کی بجائے اسے آواز اور پلکوں کی حرکت کے ذریعے بھی چالو کرنے کے آپشن موجود ہے۔جو شخص مفلوج ہو اور بٹن دبا سکتا ہو نہ بول سکتا ہو، وہ کئی بار آنکھیں جھپک کر بھی مشین کو چالو کر سکتا ہے۔

جب مشین چالو ہو گی تو کیپسول میں نائیٹروجن بھرنی شروع ہو جائے گی اور 5منٹ کے اندر آدمی کی موت واقع ہو جائے گی۔جیسے جیسے کیپسول میں نائیٹروجن بھرتی جائے گی اس میں آکسیجن کی مقدار کم ہوتی جائے گی اور اندر موجود شخص پہلے بے ہوش ہو گا اور پھر موت کے منہ میں چلا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق یہ مشین خریدنے سے پہلے خریدار سے آن لائن کچھ سوالات کیے جائیں گے جن کے ذریعے معلوم کیا جائے گا آیا وہ مشین خریدنے کا اہل ہے یا نہیں، اس کے بعد اگر وہ اہل ہوا تو اسے کیپسول کھولنے کا چار عدد پر مشتمل کوڈ دے دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).