نظم کے لیے ایک نظم


آج شاعری کا عالمی دن ہے، اس مناسبت سے ایک نظم 

naseer nasirپوچھتی ہے
نظم کیا ہے؟

نظم اس کی خوبصورت ناک ہے
تربوز کی قاشوں سے دونوں ہونٹ اُس کے نظم ہیں
آنکھوں میں پھیلا صاف ستھرا آسماں بھی نظم ہے
گہرے سلیٹی بادلوں جیسے گھنیرے بال اس کے
اور پیشانی افق سی نظم ہے

نظم بچوں کی شرارت،
نظم بوڑھی عورتوں کی گفتگو ہے
نظم اچھے دوستوں کے ساتھ گزری شام ہے
نظم ویٹنگ لاوٴنج میں بیٹھی
مسافر لڑکیوں کے ہاتھ کا سامان ہے

پارکوں میں سیر کرتے، کھیلتے، پکنک مناتے
لوگ سارے نظم کے کردار ہیں
نظم سینی ٹوریم کی سیڑھیوں پر
زندگی کی دھوپ ہے
نظم عریاں پوسٹر ہے
نظم جپسی گرل ہے

نظم ونڈر لینڈ ہے
نظم نیلی جھیل ہے،
آبی پرندے کی چٹانوں سے پھسلتی چیخ ہے
نظم واٹر فال ہے
نظم چاروں موسموں کی سمفنی ہے
نظم اجلی بارشوں کا گیت ہے
نظم کبڑی رین بَو ہے

بوسنیا کے سارے بچے نظم کے الفاظ ہیں
اجتماعی آبرو ریزی سے پہلے
عورتیں بھی نظم کی تمہید تھیں،
اب مکمل نظم ہیں
ٹارچر چیمبر میں قیدی کی گھٹی سی چیخ بھی تو نظم ہے
کشمیر کی برفاب وادی میں لہو کی آگ بھی
اب نظم بنتی جا رہی ہے
بھوک سے مرتا ہوا صومالیہ بھی نظم ہے
پیس کیپنگ سولجر کی لاش کا تابوت زندہ نظم ہے

پوچھتی ہے نظم کیا ہے؟
کیا بتاؤں میں کہ اس کی
نظم لکھتی انگلیاں بھی نظم ہیں
نظم اس کے ہاتھ کی تحریر ہے
نظم اس کی خوبرو تصویر ہے
نظم اُس کے براوٴن سینڈل
نظم اس کے پاؤں کی تقدیر ہے
جانتی ہے
کاسنی کپڑوں میں بالکل نظم لگتی ہے مجھے وہ
پھر بھی مجھ سے پوچھتی ہے
نظم کیا ہے؟


Comments

FB Login Required - comments

5 thoughts on “نظم کے لیے ایک نظم

  • 21-03-2016 at 12:54 pm
    Permalink

    اجتماعی آبرو ریزی سے پہلے
    عورتیں بھی نظم کی تمہید تھیں،
    اب مکمل نظم ہیں

    زندہ باد شاعر تخئیل داد!

  • 21-03-2016 at 12:58 pm
    Permalink

    مرزا افضل کہتا تھا،”آج کل تو مجاہد گوگی (ایک لڑکی) کی جوتی پر بھی نظم لکھ سکتا ہے” اور قہقہہ بار ہو جاتا تھا۔ نصیر صاحب نے تائید کر دی کہ:
    نظم اُس کے براوٴن سینڈل
    نظم اس کے پاؤں کی تقدیر ہے

  • 21-03-2016 at 3:35 pm
    Permalink

    شکریہ مجاہد مرزا صاحب 🙂

  • 22-03-2016 at 4:04 pm
    Permalink

    واہ واہ – بہت اعلا اور خوبصورت نظم ہے، بہت لطف آیا پڑھ کر جناب

  • 23-03-2016 at 5:55 am
    Permalink

    شکریہ جناب رفیع اللہ میاں صاحب!

Comments are closed.