چھ سالہ بچہ جو کھلونوں کے تجزیے کرتا ہے اور ارب پتی ہے


کیا آپ کو ایسا خیال آیا ہے کہ ایک چھ سالہ بچہ کتنی کمائی کر سکتا ہے؟ آپ کہیں گے کہ اتنی کم عمر میں کیا بچے کام بھی کر سکتے ہیں؟

لیکن ننھا ریان ہر ہفتے یوٹیوب پر کھلونوں پر تبصرہ کرتا ہے اور اس کے بدلے ان کے والدین کو اچھے پیسے مل رہے ہیں۔

ریان نے گذشتہ سال ایک کروڑ دس لاکھ ڈالر کی کمائی کی ہے۔ یہ رقم انڈین کرنسی میں 70 کروڑ سے زیادہ ہوتی ہے اور پاکستانی کرنسی میں یہ تقریباً سوا ارب روپے بنتی ہے۔

ان کی اس قدر کمائی کا سبب ان کے ویڈیوز ہیں جو کروڑوں لوگ دیکھتے ہیں۔ یہ چھ سالہ بچہ ‘ٹوائز ریویو’ یعنی کھلونوں کے تجزیے پر مبنی ایک یوٹیوب چینل چلاتا ہے۔

اپنے اس یوٹیوب چینل کے ذریعے ریان اپنے ناظرین کو کھلونوں کی دنیا میں لے جاتا ہے۔

فوربز میگزین نے انھیں دنیا میں سنہ 2017 کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے سٹارز کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

مارچ سنہ 2015 میں شروع ہونے والے ریان کے ٹوائز ریویو کے ویڈیوز کو اب تک 16 ارب سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں۔

لیکن ان کی اس قدر کمائی اور شہرت کے باوجود لوگ ریان کے بارے میں بہت کم جانتے ہیں۔

ان کا پورا نام کیا ہے اور وہ کہاں رہتے ہیں جیسے سوالات کے بارے میں لوگ کم ہی جانتے ہیں۔ ان کے بارے میں صرف اتنا معلوم ہے کہ وہ امریکی ہیں۔

معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ کے ساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ریان کی والدہ نے کہا کہ ‘یو ٹیوب چینل کا خیال اس وقت آیا جب ریان صرف تین سال کے تھے۔ ریان کم عمری سے ہی کھلونے کے ریویو کرنے والے ٹی وی چینلز شوق سے دیکھا کرتے تھے۔’

ریان کی ماں نے اپنی شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا: ‘ایک روز ریان نے مجھے بتایا کہ میں دوسرے بچوں کی طرح یوٹیوب پر کیوں نہیں ہوں۔ پھر ہم نے کہا کہ ہم ایسا کر سکتے ہیں۔ ہم ایک کھلونے کی دکان پر گئے جہاں ہم نے ایک لیگو ٹرین خریدی اور یہ سے اس چینل کی ابتدا ہوئی۔‘

ریان کا ایک ویڈیو 80 کروڑ سے زائد لوگوں نے دیکھا ہے۔ سنہ 2015 کے مارچ مہینے میں شروع کیے جانے والے ریان کے یوٹیوب چینل کو سنہ 2016 کی جنوری تک دس لاکھ سے زیادہ سبسکرائبر مل گئے تھے۔ فی الحال ریان کے چینل کے ایک کروڑ سے زیادہ سبسکرائبر ہیں۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp