ایشز سیریز: ’انڈین بکیز کے رابطے کا کوئی ثبوت نہیں ملا‘


پرتھ

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ ایسا ’کوئی ثبوت نہیں‘ ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین پرتھ میں کھیلا جانے والے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ’بدعنوانی‘ کا کوئی عنصر ہے۔

اخبار دی سن نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈین بک میکرز نے میچ فکسنگ کی پیش کش کی تھی۔

آئی سی سی کے جنرل مینیجر اینٹی کرپشن ایلکس مارشل کا کہنا ہے کہ ’اب ہمیں دی سن کی تحقیقات سے متعلقہ تمام مواد موصول ہوچکا ہے۔‘

مزید پڑھیے

ایشز: گابا کے سوئمنگ پول میں منگنی

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا فاتح

’ایسا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ اس ٹیسٹ میچ کے کسی بھی کھلاڑی نے مبینہ فکسرز کا رابطہ رہا ہو۔‘

خیال رہے کہ پرتھ ٹیسٹ جمعرات سے شروع ہو رہا ہے اور اس سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔ اس ٹیسٹ میچ میں کامیابی کی صورت میں آسٹریلیا کو سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل ہوجائے گی۔

دی سن کے مطابق ایک گروہ ’دی سائیلنٹ مین‘ نامی آسٹریلوی شہری کے ساتھ کام کر رہا تھا اور انھوں نے کھیل پر اثرانداز ہونے پر ایک لاکھ 38 ہزار پاونڈ ادا کر رہے تھے۔

اس میں کسی انگلش کھلاڑی کا نام سامنے نہیں آیا لیکن گروہ کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے ایک سابق آسٹریلوی کھلاڑی کی خدمات حاصل کی ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ بک میکرز نے ٹیسٹ میچ فکس کرنے کی کیسے کوشش کی تاہم اخبار کے مطابق ایک بک میکر نے سن کے تحقیق کار کو بتایا وہ کھلاڑیوں کو ’سکرپٹس‘ کے مطابق کھیلنے پر راضی کر سکتے ہیں جیسا کہ ایک سیشن یا ایک اننگز میں کتنے سکور بنیں گے، کب وکٹ گرے گی اور ٹیم ٹاس جیتنے کے بعد کیا کرے گی۔

ایشز

ایلیکس مارشل کا کہنا تھا کہ ’ہم ان الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور ان کی تفتیش آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ رکن ممالک کے انٹی کرپشن ساتھیوں کے ساتھ مل کر کریں گے۔‘

’یہ الزامات وسیع نوعیت کے ہیں اور کئی ممالک میں بشمول ٹی 20 ٹورنامنٹس کے کرکٹ کی مختلف اقسام سے متعلق ہیں۔‘

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم ان الزامات سے مطلع ہیں اور کوئی عنصر نہیں کہ انگلینڈ ٹیم اس میں کسی بھی طرح ملوث ہے۔‘

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ ’کرکٹ آسٹریلیا، آئی سی سی اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا کرپشن کے خلاف انتہائی سخت موقف ہے۔‘

’کسی بھی معتبر الزام کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ ہم بدعنوانی بالکل برداشت نہیں کر سکتے اور ہم اپنے کھیل کی سالمیت کے خطرے سے متعلق کسی بھی الزام کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp