عمران، جہانگیر نااہلی کیس کے اہم نکات

عابد حسین - بی بی سی اردو، اسلام آباد


جہانگیر ترین اور عمران خان

AFP
حنیف عباسی نے اپنی پٹیشن میں سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں نے انتخابات میں لڑنے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات میں سچائی سے کام نہیں لیا

پاکستان کی سپریم کورٹ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے دائر درخواستوں پر جمعے کو فیصلہ سنا رہی ہے۔

یہ درخواستیں پاناما کیس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے سے دو روز قبل پاکستان مسلم لیگ نواز کے رکن حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھیں۔

28 جولائی کو نواز شریف تو سپریم کورٹ میں 5-0 کی واضح اکثریت سے وزارت اعظمی سے ہاتھ دھو بیٹھے لیکن اس کے بعد سپریم کورٹ کی تفتیش کا رخ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے اثاثوں کی جانب ہو گیا۔

رواں برس نومبر کے وسط میں ان درخواستوں پر محفوظ کیا جانے والا فیصلہ آج سنایا جا رہا ہے۔ اس کیس کے بارے میں کچھ اہم سوالات اور ان کے جوابات کی تفصیلات یہاں پڑھیے۔

• حنیف عباسی کی پٹیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین پر کیا الزامات ہیں؟

حنیف عباسی نے اپنی پٹیشن میں سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں نے انتخابات میں لڑنے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات میں سچائی سے کام نہیں لیا ہے اور اپنے اثاثوں کی مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں جس پر ان دونوں رہنماؤں کو آئین کی شق 62 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

اس اپیل میں عمران خان پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے لندن فلیٹ کا ذکر نہیں کیا۔ دوسری جانب جہانگیر ترین پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے، اپنے قرضے ادا نہیں کیے، وہ انسائیڈر ٹریڈنگ کے مرتکب ہوئے ہیں اور اپنے زمینوں سے ملنے والی رقم چھپائی ہے اور ان پر لاگو ہونے والے ٹیکس بھی ادا نہیں کیے ہیں۔

• پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے ان الزامات کا کیا دفاع پیش کیا ہے؟

عمران خان نے لگائے گئے الزامات کے بارے میں کہا ہے کہ ان کا آف شور کمپنی نیازی سروس لمیٹیڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ کمپنی صرف ان کے لندن فلیٹ سے متعلق تھی۔ عمران خان کی جانب سے کہا گیا کہ فلیٹ کی فروخت کے بعد اس کمپنی سے ان کا تعلق ختم ہو گیا تھا۔ساتھ ساتھ لندن میں ہونے کی وجہ سے اس فلیٹ پر لگائئے گئے ٹیکس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ دوسری جانب بنی گالا کی رہائش گاہ کے لیے حاصل کی گئی رقم کے بارے میں انھوں نے عدالت کو جواب جمع کرایا کہ اس کے لیے مطلوبہ رقم ان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے فراہم کی تھی جو انھوں نے لندن فلیٹ کی فروخت کے بعد انھیں واپس کر دی تھی۔ واضح رہے کہ جمائما خان نے طلاق کے بعد یہ پراپرٹی عمران خان کو تحفتاً دے دی اور وہی اب اس کے مالک ہیں۔

جہانگیر ترین زرعی ٹیکس چوری اور آمدن کے ذرائع چھپانے کے بارے کہا ہے کہ جس زمین سے انھیں آمدنی ملی ہے وہ انھوں نے لیز پر لی ہے اور ان کی ذاتی ملکیت نہیں ہے اور وہ اسے ظاہر کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔جہانگیر ترین نے لندن میں موجود آف شور کمپنی کی ملکیت کے بارے میں کہا ہے کہ وہ ڈسکریشنری ٹرسٹ قوانین کے تحت بنی ہے اور وہ بذات خود اس کے مالک نہیں ہیں۔

•عمران خان کی بنی گالا کی رہائش گاہ کیوں متنازع ہے اور جمائما خان کا اس میں کیا کردار ہے؟

عمران خان کی اسلام آباد کے مضافات میں بنی گالا کے علاقے کی رہائش گاہ کا پہلے بھی ذکر ہوتا رہا ہے جب الیکشن کمیشن نے اس جائیداد کی خرید کے بارے میں عمران خان سے تفصیلات طلب کی تھیں۔

گذشتہ سال عمران خان نے اپنے جمع کرائے گئے گوشواروں میں کہا تھا کہ زمین انھیں جمائما خان نے تحفتاً دی ہے لیکن بعد میں انھوں نے موقف اختیار کیا کہ زمین انھوں نے خود خریدی ہے۔ اس کے بعد عمران خان نے کہا کہ انھوں نے 300 ایکڑ پر محیط زمین خریدنے کے لیے اپنی بیوی سے پیسے قرض کے طور پر لیے تھے جس کے پیسے انھوں نے لندن فلیٹ کی فروخت کے بعد واپس کر دیے تھے۔

https://twitter.com/Jemima_Khan/status/870202999846707201

عمران خان پر مسلسل یہ الزام لگتا رہا کہ انھوں نے مسلسل اپنے بیانات تبدیل کیے ہیں لیکن اکتوبر کے اوائل میں ہونے والی سماعت میں سپریم کورٹ نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالا کے لیے خریدی گئی زمین کی منی ٹریل تسلی بخش طور پر پیش کر دی ہے۔

دوسری جانب عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کا کردار اس مقدمے میں اس لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ عمران خان نے اپنے دفاع میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا تھا کہ بنی گالا کی پراپرٹی انھوں نے جمائما خان کے دیے ہوئے پیسوں سے حاصل کی ہے لیکن ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ انھوں نے اپنی سابقہ بیوی سے لیے گئے پیسے واپس کر دیے تھے۔

جمائما خان بھی اس حوالے سے متعدد ٹویٹس کرتی رہی ہیں جن میں انھوں ہر پرانی چیز کو سنبھال کر رکھنے کی عادت کا بھی تذکرہ کیا کہ کس طرح ان کے پاس 15 سال پرانے کاغذات موجود تھے۔

جمائما نے سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد ایک بار پھر اسی بارے میں ٹویٹ کی

https://twitter.com/Jemima_Khan/status/915855045354250240

•جہانگیر ترین کی برطانیہ میں موجود زمینوں کی کیا تفصیلات عدالت کے سامنے آئی ہیں؟

حنیف عباسی نے اپنی دائر کی گئی پٹیشن میں جہانگیر ترین کی برطانیہ میں موجود 12 ایکڑ کی زمین کے بارے میں سوال اٹھایا جو کہ شائنی ویو نامی آف شور کمپنی کی ملکیت میں ہے۔

اس کے بارے میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ یہ ڈسکریشنری فنڈ کے تحت ای ایف جی ٹرسٹ کے کنٹرول میں ہے لیکن بعد میں بی بی سی کی جانب سے کی گئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ جہانگیر ترین اور ان کی اہلیہ ہی اس ٹرسٹ کے بینیفیشری ہیں، نہ کہ ان کے بچے۔

image_pdfimage_print

Comments - User is solely responsible for his/her words

اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ”ہم سب“ ایک مثبت سوچ کو فروغ دے کر ایک بہتر پاکستان کی تشکیل میں مدد دے رہا ہے تو ہمارا ساتھ دیں۔ سپورٹ کے لئے اس لنک پر کلک کریں

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 4124 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp