انڈیا: کابینہ کتی جانب سے تین طلاق کو جرم قرار دینے کی مجوزہ قانون کی منظوری


مسلم خواتین

حکومت کا موقف ہے کہ وہ مسلمان عورتوں کے ان حقوق کا تحفظ کر رہی ہے جن کی انہیں آئین میں ضمانت دی گئی ہے

انڈیا کی وفاقی کابینہ نے ایک ہی نشست میں تین طلاق کی روایت کو قانوناً جرم بنانے کے لیے ایک مجوزہ قانون کی منظوری دیدی ہے جسے اب پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔

اس قانون کے تحت ایک ساتھ تین طلاق کہہ کر شادی ختم کرنے والے شوہر کو زیادہ سے زیادہ تین سال قید کی سزا سنائی جاسکے گی۔ بل منظور ہوجانے کے صورت میں فوری طلاق ایک ناقابل ضمانت جرم بن جائے گا، چاہے طلاق زبانی دی گئی ہو، تحریری شکل میں یا ایس ایم ایس وغیرہ پر۔

’تین بار طلاق کہہ کر طلاق دینے والوں کو سال قید کی سزا‘

’نابالغ بیوی کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرنا جرم ہے‘

نامہ نگار سہیل حلیم کے مطابق اب یہ بل پارلیمان کے سرمائی اجلاس میں پیش کیا جائے گا جو جعمہ ہی سے شروع ہوا ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے فی الحال حکومت کے فیصلے پر کئی رد عمل ظاہر کرنے سے انکار کیا ہے۔ بورڈ کے رکن ظفریاب جیلانی کے مطابق مجوزہ قانون کے مضمرات پر غور و فکر کے لیے سترہ اگست کو بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس کے بعد ہی اس بل پر بورڈ کی رائے کا اظہار کیا جائے گا۔

اس سے پہلے اگست میں سپریم کورٹ نے طلاق ثلاثہ کو غیر آئینی قرار دیے دیا تھا لیکن اس فیصلے کے باوجود طلاق کے اس متنازع طریقے کو استعمال کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے کوئی قانون موجود نہیں تھا۔

مسلم تنظیموں نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے کوئی درخواست داخل نہیں کی ہے۔ مسٹر جیلانی نے بی بی سی کو بتایا کہ فی الحال اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے لیکن ’اگر کوئی مناسب موقع آتا ہے‘ تو عدالت سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی جائے گی۔

لیکن ان کا الزام ہے کہ حکومت یکسان سول کوڈ نافذ کرنا چاہتی ہے اور مسلمانوں کی پرسنل لا میں مداخلت کر رہی ہے۔ لیکن حکومت کا موقف ہے کہ وہ مسلمان عورتوں کے ان حقوق کا تحفظ کر رہی ہے جن کی انہیں آئین میں ضمانت دی گئی ہے۔

مسلم خواتین

بل منظور ہوجانے کے صورت میں فوری طلاق ایک ناقابل ضمانت جرم بن جائے گا، چاہے طلاق زبانی دی گئی ہو، تحریری شکل میں یا ایس ایم ایس وغیرہ پر

وفاقی حکومت نے تقریباً دو ہفتے قبل بل کا مسودہ ریاستی حکومتوں کو بھیج کر ان سے ان کی رائے معلوم کی تھی۔ اس کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی فوری طلاق کے واقعات کی خبریں آتی رہی ہیں اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک نیا قانون وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

مجوزہ قانون کے تحت عورتوں کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ طلاق کی صورت میں پولیس میں شکایت درج کرانے کے بعد اپنے بچوں کی تحویل، اور گزر بسر کے لیے اپنے شوہر سے رقم حاصل کرنے کے لیے میجسٹریٹ کی عدالت سے رجوع کر سکتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp