مفت کی شراب پینے والے!


بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار اور سوشل میڈیا پر متنازع ٹوئٹ سے مشہور رشی کپور ایک بار پھر صحافیوں پر برس پڑے اور انہیں مفت کی شراب پینے والے افراد کا طعنہ دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راج کپور کی 93 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں راج کپور کی سوانح حیات پر مبنی کتاب کی رونمائی کی گئی جس میں رشی کپور کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا لیکن والد کی تقریب میں بھی رشی کپور کو صحافیوں کی موجودگی ایک نہ بھائی اور صحافیوں کو تقریب چھوڑ جانے کا کہہ دیا۔

 یہ واقعہ اُس وقت رونما ہوا جب تقریب میں رشی کپور نے صحافیوں سے سوال کیا کہ ’آپ کون ہیں‘ جس پر صحافیوں نے میڈیا کارڈ دکھا کر انہیں تعارف کرایا لیکن رشی کپور کو صحافیوں کی موجودگی پھر بھی پسند نہ آئی اور وہ جاتے جاتے  بھی طنزیہ انداز میں صحافیوں کو ’مفت کی شراب پینے والے‘ کہہ کر وہاں سے چلے گئے۔

حیران کن طور پر رشی کپور کی اس حرکت کے بعد اُن کے ذاتی سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھی صحافیوں کو تقریب سے یہ کہہ کر جانے کا کہا گیا کہ ’مسٹر کپور نہیں چاہتے کہ آپ لوگ اس تقریب میں موجود رہیں‘۔

بعدازاں تقریب کے میزبان کتاب کے پبلشر کی طرف سے ہوٹل کے سیکیورٹی چیف کو معاملہ ختم کرنے کے لیے مداخلت کرنے کی درخواست کی گئی جس پر سیکیورٹی چیف کا معذرت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’کیا آپ جانتے نہیں ہیں کہ رشی کپور کیسے ہیں وہ پہلے بھی اس ہوٹل میں دو بار یہ سب کچھ  کر چکے ہیں‘۔

واضح رہے کہ تقریب میں صحافیوں کے علاوہ دیگر فلمی شخصیات بھی شریک تھیں اور تقریب شروع ہونے کے بعد صحافیوں کو پھر بلایا گیا تاہم صحافیوں نے رشی کپور کے اس رویے کی وجہ سے تقریب میں نہ آنا ہی بہتر سمجھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).