سردیوں میں صبح جلدی کیسے اٹھیں؛ ماہرین کی چند تجاویز


سردیوں کے موسم میں صبح کے وقت اٹھنا انتہائی کٹھن ہوتا ہے تاہم اب آسٹریلوی ماہرین نے کچھ ایسی تدابیر اور عادتیں بتادی ہیں جن کو اپنانے سے صبح سویرے اٹھنا مشکل نہیں رہے گا۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف ساﺅتھ آسٹریلیا کے ڈاکٹر سیوبھن بینکس اور کرسٹل گرانٹ نے تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ ”جن لوگوں کو صبح کے وقت اٹھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہو انہیں چاہیے کہ رات کو سونے سے کم از کم 2گھنٹے قبل کوئی چیز کھائیں نہ پئیں۔ایسے لوگوں کو سونے سے پہلے تمام روشنی بند کر دینی چاہیئے جبکہ صبح اٹھتے ہی کمرے میں تیز روشنی کا حصول ممکن بنانا چاہیے۔ “

ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ ”صبح اٹھنے میں مشکل کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ رات کو سونے سے قبل اپنے آپ کو پرسکون اور ذہنی دباﺅ سے آزاد کریں۔ اس کے لیے گرم پانی سے نہانا یا کوئی اچھی کتاب پڑھنا بہترین ہے، لیکن کتاب لیپ ٹاپ وغیرہ پر نہیں پڑھنی، بلکہ سونے سے دو گھنٹے قبل ٹی وی، کمپیوٹر اور فون وغیرہ کا استعمال بالکل نہیں کرنا۔ پرسکون ہونے کے لیے کوئی نیم گرم مشروب، دودھ وغیرہ بھی اس میں بہت معاون ہو سکتا ہے۔سونے سے قبل ورزش کرنے اور کمپیوٹر گیمز کھیلنے سے بھی اجتناب برتیں۔ اپنے بیڈروم کا ماحول نیند کے لیے بہترین بنائیں، سونے کی ایک ترتیب یا ٹائم ٹیبل متعین کریں اور پابندی سے اس پر کاربند رہیں۔ ان تدابیر پر عمل کرنے سے کچھ ہی دنوں میں آپ کی نیند انتہائی پرسکون ہو جائے گی اور صبح جلدی اٹھنے میں بھی دشواری نہیں ہو گی۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).