مصر: چار بچوں کی تین ہزار سال پرانی لاشیں برآمد


مصری حکام کا کہنا ہے کہ مصر کے شہر اسوان میں کھدائی کے دوران چار بچوں کی قبریں دریافت ہوئی ہیں جن کو تین ہزار سال قبل دفن کیا گیا تھا۔

مصر کے وزیر برائے نوادرات ڈاکٹر ایمن عشومی کا کہنا ہے کہ چار میں سے ایک قبر کو سویڈن اور مصر کی مشترکہ ٹیم نے دریافت کیا تھا اور اس بچے کے جسم پر اب بھی کپڑا موجود ہے جو اس کو حنوط کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

یہ چاروں لاشیں مصر کی 18 ویں صدی کی ہیں۔

بچوں کی تدفین کی جگہ ماہرین آثار قدیمہ نے جبل السلسلہ میں دریافت کی ہیں۔ ایک مقبرہ پتھر کو کاٹ کر بنایا گیا ہے جس میں دو یا تین سال کے بچے کی لاش ہے۔

اس قبر میں سے حنوط کے لیے استعمال کیے جانے والے کپڑے کے علاوہ لکڑی کے کفن کے آثار بھی ملے ہیں۔

دوسرے بچے کی تدفین کی جگہ سے تعویذ اور مٹی کے برتن ملے ہیں۔ یہ قبر چھ سے نو سالہ بچے کی ہے جس کی لاش لکڑی کے ڈبے میں ہے۔

تیسری اور چوتھی قبر میں پانچ سے آٹھ سالہ بچہ ہے۔

سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماہرین آثار قدیمہ کی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر ماریہ نلسن کا کہنا ہے کہ اس نئی دریافت سے تدفین کی رسوم کے علاوہ لوگوں کی سماجی، معاشی اور مذہبی زندگی کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوں گی۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ جبل السلسلہ میں اب تک 69 مقبرے دریافت کیے جا چکے ہیں اور ان میں آدھے سے کم کی کھدائی کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کھدائی کیے گئے زیادہ تر مقبروں میں سے نوادرات چوری کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب مصری اور آسٹرین ٹیموں نے قبرستان کا ایک حصہ دریافت کیا ہے جبکہ سوئس ٹیم نے ایک خاتون کا مجسمہ دریافت کیا ہے۔

مصری اور آسٹرین ٹیم نے کوم امبو کے قصبے میں پہاڑی پر ایک قبرستان دریافت کیا ہے جو چار ہزار سال پرانا ہے۔

اس ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر آئرین فوسٹر کا کہنا ہے کہ اس قبرستان کا جو حصہ دریافت کیا گیا ہے وہاں سے مٹی سے بنے مقبرے ملے ہیں۔ ان مقبروں میں مٹی کے برتن اور تدفین کی دیگر اشیا برآمد ہوئی ہیں۔

انھوں نے کہا یہ مقبرہ قبرستان کے نیچے دریافت ہوا ہے اور اس کی چھت پر ساحورع بادشاہ کی شبیہہ ہے۔

تیسری دریافت اسوان کے علاقے سے ہوئی جہاں ایک خاتون کا نامکمل مجسمہ دریافت ہوا ہے۔

اس مجسمے کو چونے کو کاٹ کر بنایا گیا ہےآ اس مجسمے کا سر، دونوں پیر اور دائیں ہاتھ نہیں ہے۔ اس مجسمے کی اونچائی 14 انچ ہے۔

نوادارت کے مقامی سربراہ عبدالمونیم کا کہنا ہے کہ جو لباس اس مجسمے نے زیب تن کیا ہوا ہے وہ یونانی دیوی ارتمیس کے لباس سے مماثلت رکھتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp