امریکہ: اٹلانٹا ایئرپورٹ پر بجلی منقطع، تقریباً ایک ہزار پروازیں منسوخ


اٹلانٹا ایئرپورٹ

اٹلانٹا کا ہرٹس فیلڈ جیکسن بین الاقوامی ایئرپورٹ دنیا کے مشغول ترین ایئرپورٹ میں شامل ہے جہاں سے روزانہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگ سفر کرتے ہیں

امریکی شہر اٹلانٹا کا ہرٹس فیلڈ جیکسن بین الاقوامی ایئرپورٹ بجلی کی سپلائی معطل ہونے کے سبب جزوی طور پر بند ہے اور بہت سی پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے۔

یہ ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ ہے جہاں سے روزانہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگ سفر کرتے ہیں اور تقریباً ڈھائی ہزار پروازیں آتی جاتی ہیں۔

بجلی کی عدم فراہمی کے سبب مسافر اندھیرے ٹرمینل یا پھر طیارے میں پھنسے رہے۔

بہت سی پروازیں جنھیں وہاں اترنا تھا انھیں دوسری طرف موڑ دیا گیا ہے یا ایئرپورٹ کے روانگی والے حصے میں روک لیا گیا۔

ایک بیان میں ایئرپورٹ نے کہا کہ بجلی اتوار کو مقامی وقت کے مطابق ایک بجے دوپہر کو چلی گئی۔

ایئرپورٹ کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی جیارجیا پاور کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں زیر زمین کہیں بجلی کی لائن میں آگ لگ گئی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

اٹلانٹا ایئرپورٹ

اطلاعات کے مطابق تقریبا ایک ہزار پروازیں منسوخ ہوئی ہیں

انھوں نے کہا کہ آگ کا سبب پتہ نہیں چلا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کی نصف شب تک بجلی کی فراہمی بحال کر دیں گے۔

فلائٹ کنٹرول ٹاور معمول کے مطابق کام کر رہا ہے جبکہ یونائیٹڈ، ساؤتھ ویسٹ اور امریکن ایئرلائنز جیسی اہم ایئرلائنز نے پورے دن کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

٭ گلاسگو: پرواز سے چند لمحے قبل پائلٹ کو ہارٹ اٹیک

٭ امریکہ: انتہائی گرمی کے باعث درجنوں پروازیں منسوخ

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں مسافروں کو اندھیرے میں انتظار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

https://www.instagram.com/p/Bc0QdHMDXV1/

ڈیلٹا ايئرلائنز نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ان کی جو پروازیں وہاں اتر چکی ہیں ان کے مسافروں کو طیارے سے اتارنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن وہ انھیں محدود دروازوں تک نہیں پہنچا پا رہے ہیں۔

مقامی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے حالات سے نمٹنے کے لیے مزید پولیس فورس وہاں بھیجی ہے۔

اٹلانٹا 80 فی صد امریکی آبادی سے دو گھنٹے کی پرواز کے فاصلے پر اور یہ شہر امریکہ میں داخل ہونے کا اہم مقام ہے اور ملک کے اندر سفر کے لیے عام سٹاپ اوور ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp