آسٹریلوی کپتان؛ کامیابی کے پیچھے چھپی لڑکی


اسمتھ کے منیجر وارین کریگ کہتے ہیں کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے تاہم آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے کیس میں یہ بات درست ثابت ہوتی ہے، انھوں نے رواں پرتھ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرکے اپنی  ٹیم کی پوزیشن کو انتہائی مستحکم کیا۔ یہ ان کی 22 ویں ٹیسٹ سنچری تھی، وہ اس کے لئے لازمی طور پر اپنی منگیتر ڈینی ولس کے شکرگزار ہوں گے جوکہ انھیں بیٹنگ پریکٹس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ڈینی قانون کی تعلیم حاصل کررہی ہیں، دونوں کی رواں برس کے شروع میں منگنی ہوئی تھی۔جب بھی اسمتھ پریکٹس کیلیے جاتے ہیں ان کی بولنگ مشین ڈینی ہی آپریٹ کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اسمتھ بیٹنگ پریکٹس کیلیے مشین سیٹ کرتے ہیں اور میں اس میں گیند لوڈ کرتی رہتی ہوں۔

اسمتھ کے منیجر وارین کریگ کہتے ہیں کہ ڈینی بھی اس کام سے کافی خوش ہوتی ہیں وہ اسمتھ کیلیے بہت ہی اچھی ثابت ہوئی ہیں، وہ ان کی آن دی فیلڈ کامیابیوں میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں، وہ اچھی طرح جانتی ہیں کہ کب اسمتھ کے دماغ کو کرکٹ سے ہٹانا ہے تاکہ وہ دباؤ کا شکار نہ ہوں، دونوں کی بہترین جوڑی ہیں۔

ڈینی ولس کہتی ہیں کہ اسمتھ کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ وہ اپنے کام کی جانب مکمل توجہ دیتے ہے، ٹیسٹ میچ کے دوران شام کو بھی وہ اگلے روز کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کیے رہتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).