دانت نکلوانے کے لیے گیا مریض جان نکلوا گیا


بھارت کے شہر ہوبلی میں دانت نکلوانے کے بعد زیادہ خون بہہ جانے سے مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر ہوبلی میں عبدالقادر نامی شخص کو دانت میں تکلیف ہونے پر رتنا ڈینٹل کلینک لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر ویریش مگلاد نے مریض کے 3 دانت نکالے جس پر خون بہہ نکلا اور یہ سلسلہ بند نہ ہوا جس پر مریض کو کرناٹکا انسٹیٹیوٹ  آف میڈیکل سائنس (کامس) اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ 2 دن کومہ میں رہنے کے بعد انتقال کرگیا۔

کامس کے ڈائریکٹر نے کہا کہ مریض کو کومے کی حالت میں ہی اسپتال لایا گیا تھا جہاں انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں داخل کروایا گیا لیکن ہم ان کی جان نہیں بچاسکے، اگر مریض کو 2 دن پہلے لایا جاتا تو اس کی جان بچائی جاسکتی تھی البتہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی بتائی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب مریض کے رشتہ دار نے پولیس میں ڈاکٹر کے خلاف شکایت درج کروائی جس میں عبدالقادر کی موت کا ذمہ دار ڈینٹسٹ کو قرار دیا گیا، پولیس میں درج کروائی گئی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ویریش نے اسپتال کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے مریض کی حالت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک لیٹرپیڈ پر خاموشی سے اس کے انگوٹھے کا نشان لے لیا جس میں لکھا تھا کہ ڈینٹسٹ کسی بھی طرح مریض کی حالت کا ذمہ دار نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ڈینٹسٹ نے مریض کی موت میں کسی بھی قسم کی طبی غفلت کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مریض کے دانت سے مسلسل خون نکلتا رہا لیکن مجھے اس بات سے بے خبر رکھا گیا اور 3 دن بعد مجھے بتایا گیا کہ خون مسلسل بہنے کی وجہ سے انہیں کامس اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا میرے اسپتال پہنچنے پر ان کے رشتہ داروں نے کہا کہ مریض بہت غریب ہے جس پر میں نے ان کی مالی مدد کرتے ہوئے 10 ہزار روپے دیے اور ایک کاغذ پر مریض کے دستخط بھی لیے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).