’جنوبی کوریا کے پاپ سٹار جونگ ہیون ڈپریشن کا شکار تھے‘


جونگ ہایون

جنوبی کوریا کے پاپ سپر سٹار جونگ ہیون کے ایک دوست نے سوشل میڈیا پر ایک بیان پوسٹ کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈپریشن کا شکار تھے۔

پاپ آرٹسٹ نائین نے انسٹا گرام پر اپنے دوست کا بیان پوسٹ کیا جس کے مطابق جونگ ہیون کا کہنا تھا ’میں اندر سے ٹوٹ چکا ہوں۔ یہ ڈپریشن مجھے آہستہ آہستہ نگل رہا ہے۔‘

سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جانے والے بیان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اسے جنوبی کوریا کے پاپ سپر سٹار جونگ ہیون نے لکھا تھا۔

واضح رہے کہ 27 سالہ پاپ سٹار جونگ ہیون پیر کو مردہ پائے گئے تھے۔ شک ہے کہ انھوں نے خود کشی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

جین ژینگ چین کی پہلی بین اقوامی پاپ سٹار بن سکیں گی؟

امل حجازی کی گلوکاری سے کنارہ کشی کے بعد پیغمبر اسلام کی مداح سرائی

جونگ ہیون جنوبی کوریا کے سب سے بڑے پاپ گروپوں میں سے ایک شینی کے لیڈ سنگر تھے۔

جنوبی کوریا کے ایک دوسرے پاپ گروپ ڈیئر کلاؤڈ کے رکن نائین نے منگل کو جونگ ہیون کا نوٹ شیئر کیا۔

نائین نے بتایا کہ جونگ ہیون نے انھیں یہ پیغام بھیجا اور تاکید کی تھی کہ اگر ’میں کہیں غائب ہو جاؤں‘ تو اس وقت اس پیغام کو ’دنیا کے سامنے لاؤں۔‘

جونگ ہایون

پاپ گروپ ڈیئر کلاؤڈ کی مینیجمنٹ مائی میوزک انٹرٹینمینٹ نے خبر رساں ادارے یونہاپ کو تصدیق کی یہ بیان جونگ ہیون کے خاندان کے مشورے کے بعد پوسٹ کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق جونگ ہیون نے اپنی جدوجہد کے بارے میں بات کی اور کہا ’میرے لیے شہرت کی زندگی کبھی نہیں تھی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ’میں اور کیا کہہ سکتا ہوں۔ بس مجھے بتاؤ کہ میں نے اچھا کام کیا ہے۔ یہ کافی ہے۔ میں نے سخت محنت کی ہے. یہاں تک کہ اگر آپ مسکرا نہیں سکتے۔ آپ اپنے راستے پر غلطی نہیں کر سکتے۔‘

جونگ ہیون نے یہ بیان کب لکھا یا نائین کو کب بھیجا اس بارے میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

جونگ ہیون کا پورا نام کم جونگ ہیون تھا۔ وہ پیر کو اپنے اپارٹمنٹ میں بے ہوش پائے گئے۔ انھیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں انھیں مردہ قرار دیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جونگ ہیون نے اپنی بہن کو متعدد ٹیکسٹ پیغامات بھیجے جن میں سے ایک میں کہا گیا ’یہ میرا الوداعی پیغام ہے۔‘

جنوبی کوریا کے میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حکام ان کی موت کو خود کشی کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔

جونگ ہیون کے متعدد مداح ان کا شمار حساس نوجوان کے طور پر کرتے ہیں جو اپنی شہرت کو برداشت نہ کر سکے۔

انھوں نے ایک گلوکار اور ایک ڈانسر ہونے کے علاوہ اپنے گروپ کے لیے گانے لکھنے میں بھی بڑا کردار ادا کیا۔ انھوں نے سنہ 2015 میں کامیاب سولو کریئر شروع کیا۔

شینی کی مینیجمنٹ ایس ایم انٹرٹینمینٹ نے ایک بیان میں جونگ ہیون کو ایسا شخص قرار دیا ’جس نے میوزک کو کسی بھی دوسرے سے زیادہ پیار کیا۔‘

شینی میوزک گروپ کو سنہ 2008 میں ایس ایم انٹرٹینمینٹ کے تحت قائم کیا گیا تھا اور جلد ہی اس کا شمار کے پاپ بوائے گروپوں میں سے ایک میں ہونے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp