ہسپتال کے ایم ایس نے کچہری کا معائنہ کیا


اطلاعات کے مطابق آج ملک نیمروز کے سب سے بڑے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے دارالحکومت کی کچہری کا دورہ کیا اور فوری انصاف کی عدم فراہمی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچہری میں انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہسپتال کا نظام تباہ ہو چکا ہے اور ادھر بے شمار افراد ڈپریشن، غربت اور دل کی بیماریوں میں مبتلا ہو کر داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ پچھلے برس جن لاشوں کو جیل سے پوسٹ مارٹم کے لئے لایا گیا تھا اور انہوں نے ذاتی طور پر اس بات کی تصدیق کر لی ہے کہ کچہری کے ریکارڈ کے مطابق اب ان کو بعد از سزائے موت باعزت بری کیا جا چکا ہے اور اب ان لاشوں کی آزادانہ نقل و حرکت اور کفن دفن میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جانی چاہیے۔

دارالحکومت شہر ناپرساں کے تھانیدار نے مقامی محصول چونگی کا دورہ کیا اور اس بات پر شدید تشویش ظاہر کی کہ لوگ ٹیکس نہیں دے رہے ہیں اور اس کی وجہ سے کرپشن میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے اور تھانے میں مقدمات کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے ہمسایہ ممالک کا دورہ کیا اور ان کے وزرائے خارجہ سے خارجہ پالیسی پر گفتگو کی۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک کی خارجی صورتحال کے باعث عوام شدید ٹینشن میں مبتلا ہیں اور اس ٹینشن کے نتیجے میں ملک نیمروز کی آبادی میں دن دگنا رات چوگنا اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے برما اور فلسطین کی صورت حال پر شدید پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں مالک میں اقلیتوں پر شدید ظلم ہو رہا ہے اور اس کے خلاف اقوام متحدہ کو ایکشن لینا چاہیے۔ ورنہ ان ممالک میں صنعت و تجارت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر نے آج ایک ریستوران کا دورہ کیا اور اس کے بہترین قواعد و ضوابط کی تعریف کی۔ نیز انہوں نے ریستوران کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ چائے میں چینی کی مقدار میں اضافہ کر دے تاکہ مہنگے ترین بل کے باعث پیدا ہونے والی تلخی میں کمی واقع ہو سکے۔

قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے بیرون ملک افراد کے اراکین نے آج موضع ٹوبہ کا دورہ کیا اور اپنی نگرانی میں سارا دن کھڑے ہو کر گاؤں کی مرکزی نالی پکی کرنے کے کام کا جائزہ لیا۔ اس منصوبے پر اپنے نام کی مرمریں لوح مزار لگوا کر انہوں نے اجتماعی دعا کروائی۔

نیمروز کے قاضی نے آج ریلوے سٹیشن کا معائنہ کیا اور اس بات پر شدید برہمی کا اظہار کیا کہ ریل کا انجن کالا دھواں کیوں چھوڑ رہا ہے۔ ریلوے حکام نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر ریل کے انجن میں مناسب تبدیلی کر دیں گے اور آئندہ یہ انجن قومی امنگوں کے عین مطابق سبز رنگ کا دھواں چھوڑا کریں گے۔

ملک نیمروز کی بیکار ترین ویب سائٹس نے آج بھی ملک کی مقبول ترین ویب سائٹس پر تبصرے جاری رکھے اور بتایا کہ اس میں کیا کیا نقائص ہیں اور وہ ان نقائص کی وجہ سے کیسے مقبول سے مقبول تر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے خدا کا شکر ادا کیا کہ ان کی ویب سائٹس پر ایسی کوئی چیز شائع نہیں کی جاتی جسے دیکھنے کوئی آئے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے پچھلے مہینے تشویش ظاہر کی تھی کہ ملک نیمروز کے نظام میں کوئی بڑی خرابی ہے اور کوئی شعبہ ٹھیک کام نہیں کر رہا ہے۔ اس کی وجوہات جاننے کے لئے وزارت منصوبہ بندی نے ورلڈ بینک سے دو ارب ڈالر کے قرضے کی درخواست کی ہے تاکہ حکومتی وزرا اور افسران ترقی یافتہ ممالک کے نظام کا تجزیہ کرنے کے لئے دورے کریں۔ اس منصوبے کی مدت دو سال تجویز کی گئی ہے۔

ملک نیمروز کے وزیراعظم تبصرے کے لئے دستیاب نہیں ہو سکے کیونکہ وہ اپنا بغیر بتی کی سائیکل کا چالان چھڑانے کچہری گئے ہوئے ہیں اور ان کی جلد خلاصی کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا ہے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar