لاہور میں موجود درہ آدم خیل


پچھلے ایک دو ماہ سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ہمارا گھر لاہور میں نہیں بلکہ درہ آدم خیل میں ہے۔ وہی آزاد آزاد سی فضا۔ وہی سرفروش لوگ۔ وہی اسلحے کی بہاریں۔ وہی گولیوں سے گونجتی فضائیں۔

شام چھے بجے سے رات تین بجے تک مسلسل فائرنگ ہوتی ہے۔ لگتا ہے کہ کوئی خوشی ہو تو لوگ فرط مسرت سے بے قابو ہو کر فائرنگ کرتے ہیں۔ غم ہو تو سوگ میں فائرنگ کرتے ہیں۔ خوشی غمی دونوں نہ ہوں تو یہ سوچ کر فائرنگ شروع کر دیتے ہیں کہ شکر ہے کہ آج سب امن سکون رہا۔

لیکن یہاں صرف فائرنگ کے شوقین ہی نہیں ہیں بلکہ کھیل کے دلدادہ بھی بہت ہیں۔ خاص طور پر موٹر ریسنگ ان کا محبوب مشغلہ ہے۔ اس علاقے میں خادم اعلی نے بہت اعلی درجے کی سڑکیں بنا دی ہیں جن پر رات ایک سے تین بجے تک موٹرسائیکلوں اور کاروں کی ریسیں لگتی ہیں۔ رات کے سناٹے میں دو کلومیٹر دور بیٹھ کر بھی یہی لگتا ہے کہ باہر گلی میں ریس لگ رہی ہے۔

پھر شادی والوں نے بھی بہت رونق لگا رکھی ہے۔ ممکن ہے کہ رات دس بجے شادی ختم کرنے کی پابندی یہاں بھی ہوتی ہو۔ ممکن ہے کہ شادی میں ون ڈش کی پابندی بھی ہوتی ہو۔ ہمیں کسی نے بلایا نہیں اور خود سے بن بلائے شادی اٹینڈ کرنے کے ہم عادی نہیں، تو ان امور کے بارے میں ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے۔ ہاں ایک بات ہم گھر بیٹھے بھی یقین سے کہہ سکتے ہیں۔ وہ یہ کہ یہاں آتش بازی خوب چلتی ہے اور اس پر لگی پابندی ہوا میں اڑتی ہے۔ شام سے جو انار پھوٹتے ہیں اور ہوائیاں چھوٹتی ہیں کہ ٹی وی پر دیکھے دیوالی کے سین یاد آنے لگتے ہیں۔ آج کل ہے بھی شادیوں کا سیزن تو ہر رات ہی دیوالی ہے۔

لیکن سو تکلیفوں کے باوجود ایک اطمینان ہے۔ ہمارے ازلی دشمن انڈیا نے حملہ کیا تو ہماری فوج کو تکلیف کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ہمارا مسلح محلہ ہی اسے شکست دینے کے قابل دکھائی دے رہا ہے۔ اور واپڈا ٹاؤن نامی یہ محلہ خادم اعلی کے گھر کے قریبی علاقے میں ہے۔ اب پتہ نہیں ادھر اتنا اسلحہ اس بڑے گھر کی قربت کے سبب ہے یا اس کے باوجود۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar