سلمان خان کتنے برس کے ہو گئے؟ سالگرہ کی تقریب کا احوال


بالی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان آج اپنی 52 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے رواں برس اپنی سالگرہ ریاست مہاراشٹرا کے ایک پرسکون مقام پنویل فارم ہاؤس پر منائی، جہاں ان کے اہلخانہ اور کترینہ کیف جیسے چند قریبی دوست شریک ہوئے۔

اس موقع پر سلمان اور کترینہ نے سیاہ لباس پہنا، جن کی تصاویر انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں۔

اپنی سالگرہ کی خوشی میں سلمان خان نے اپنے کپڑوں کے برانڈ ‘بینگ ہیومن کلاتھنگ’ (BeingHumanClothing) پر 50 فیصد جبکہ زیورات کے برانڈ ‘بینگ ہیومن جیولری’ (BeingHumanJewellery) پر 52 فیصد رعایت دینے کا بھی اعلان کیا۔

دوسری جانب شاہ رخ خان نے ممبئی میں ایک تقریب کے دوران سلمان خان کے لیے گانا گاکر انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ نے مشہور زمانہ گانا، ‘تم جیو ہزاروں سال، سال کے دن ہوں پچاس ہزار‘ گایا اور کہا کہ وہ پنویل میں منعقدہ پارٹی میں شرکت کرنا چاہتے تھے، لیکن چونکہ ان کے بچے یہاں ہیں تو اس وجہ سے وہ نہیں جاسکے۔

اس موقع پر جب صحافیوں نے شاہ رخ سے پوچھا کہ وہ سلمان کو کیا تحفہ دیں گے؟ تو انہوں نے ازراہ مذاق کہا، ‘سب کچھ آپ کو بتادوں’۔

بالی وڈ کے دیگر اسٹارز نے بھی سلمان خان کی سالگرہ پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سونم کپور نے اپنی اور سلمان کی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اور ساتھ میں دبنگ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، بالی وڈ میں کوئی میرے لیے اس طرح سے کھڑا نہیں ہوا، اتنے اچھے کو اسٹار ہونے کے لیے شکریہ۔

Looking back at my time in Bollywood, no one stands out as much as you! My first ever hero and long time friend and inspiration. Happy Birthday Salman, thank you for being the finest co-star I could have asked for ❤ @BeingSalmanKhan

سلمان خان نے ‘بیوی ہو تو ایسی ‘کے ذریعے بالی وڈ انڈسٹری میں قدم رکھا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

ان کی مشہور فلموں میں ‘میں نے پیار کیا’، ‘ساجن’، ‘ہم آپ کے ہیں کون’، ‘کرن ارجن’، ‘جڑواں’، ‘بجرنگی بھائی جان’، ‘دبنگ’، ‘باڈی گارڈ’ شامل ہیں۔

سلمان خان کبھی اپنی فلموں میں ‘چلبل پانڈے’ کے کردار میں نظر آئے، کبھی ‘پریم’ کے روپ میں رومانوی ہیرو کا کردار نبھایا تو کبھی گینگسٹر بنے نظر آئے۔ انہوں نے جو بھی کردار کیا، اپنی شاندار اداکاری سے ہمیشہ کے لیے لازوال بنا دیا۔

ایک طرف بالی وڈ میں دبنگ خان کے ‘سکس پیکس’ کے خوب چرچے رہے، وہیں انہیں چنکارا ہرن کے شکار اور ہٹ اینڈ رن کیسز کا بھی سامنا رہا، تاہم بالی وڈ کے سلطان کو کوئی پچھاڑ نہ پایا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).