عمران خان – روحانی رہنمائی کے مدارج کا کچھ بیان


اخباری اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکپتن شریف سے تعلق رکھنے والی اپنی روحانی رہنما محترمہ بشریٰ مانیکا المعروف پنکی سے ارادت مندی کو باضابطہ صورت دے دی ہے۔ ہم سب نیوز کی تحقیقاتی ٹیم کے مطابق یکم جنوری 2018 (عید نوروز) کو عقد ثلاثہ ککی تقریب سعید میں بدلنے کے اشارے گزشتہ دو برس سے ظاہر ہو رہے تھے۔

12 جولائی 2016 کو ایک اخبار نے خبر دی:

“تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ تیسری شادی کی تیاریوں میں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان ان دنوں مانیکا خاندان کی بہو بشری المعروف پنکی کو روحانی رہنما کے طور پر مان رہے ہیں ۔ بشری انہیں گاہے بگاہے روحانی عملیات اور وظیفے بتاتی رہتی ہیں۔ ان دنوں بشری مانیکا نے عمران خان کو ایک انگوٹھی دے رکھی ہے جسے وہ ہر وقت پہنے رہتے ہیں۔ بشری عرف پنکی نے عمران خان کو تیسری شادی کی ہدایت بھی کی ہے جس پر وہ جلد عمل کریں گے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں عمران خان نے ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو میں تیسری شادی کا عندیہ دیا۔”

14 جولائی 2016 کو ایک اور اخبار نے اطلاع دی:

“عمران خان تیسری شادی کےلیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں ، کہتے ہیں شادی پر یقین پہلے سے زیادہ پختہ ہوگیا ہے، ہمت ہارنے والا نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے شادی کا فیصلہ مانیکا خاندان کی بہو بشریٰ مانیکا کے کہنے پر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے دوشادیوں کی ناکامی کے بعد آخرکار تیسری شادی کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان پاکپتن میں واقع مانیکا خاندان کی بہو بشری المعروف پنکی کو اپنا روحانی گرو مانتے ہیں جو کہ ایک کسٹمز آفیسر خاور فرید مانیکا کی اہلیہ ہیں اور جو لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وظیفے بتاتی ہیں۔

بشری مانیکا نے عمران خان کو دم کر کے ایک انگوٹھی بھی دی ہے۔ عمران خان نے آج کل یہی انگوٹھی پہن رکھی ہے۔ کسی صورت نہیں اتارتے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انہی کے کہنے پر تیسری شادی کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہےکہ پاکپتن کی مانیکا فیملی کے ساتھ عمران خان کی روحانی وابستگی ہے۔عمران خان نے شادی سے متعلق تمام ذمہ داری اپنی بہنوں کو سونپ رکھی ہے۔ عمران خان کی شادی کی خبروں کی مکمل تردید کرتے ہیں۔ اگر کوئی ایسی اطلاع ہوئی تو میڈیا کو مطلع کریں گے، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔”

اگست 2017 کے پہلے ہفتے میں اطلاع آئی:

“پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین آج کل زیادہ تروقت نتھیا گلی میں گزاررہے ہیں اور اب اس کے پیچھے چھپی وجہ بھی سامنے آگئی اور انکشاف ہوا ہے کہ عمران خان کو’روحانی شخصیت‘ نے پہاڑی علاقے میں قیام کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انگریزی اخبار ’پاکستان ٹوڈے‘ کے مطابق اپنی پیرنی بشریٰ مانیکا کی ہدایت پر عمران خان گزشتہ چھ ہفتوں سے زیادہ تروقت پہاڑی علاقے میں گزار رہے ہیں اور اس سے فائدہ یہ ہوگا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ان کے حق میں آئے گا، اگرچہ عمران خان بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر بھی جاتے ہیں لیکن چند گھنٹے وہاں گزارنے کے بعد واپس نتھیا گلی جیسے پہاڑی علاقے میں چلے جاتے ہیں۔ مئی کے اواخر سے لے کر اب تک عمران خان زیادہ تروقت نتھیا گلی، چترال اور دیگر شمالی علاقہ جات میں رہتے ہیں جہاں شاہ محمود قریشی، جہانگیر خان ترین اور شیخ رشید احمد میں سے کوئی نہ کوئی رہنما ہمراہ ہوتا ہے۔ جہانگیر ترین اور عمران خان کی پہاڑی علاقوں میں جاگنگ اور پارٹی رہنماﺅں سے ملاقاتوں کی تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں۔”


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).