عمران خان کو عقد ثالثہ کی پیشگی مبارک باد


ہمارے اخباروں میں چھپنے والے اشتہاروں میں ستاروں کی چال بگڑنے کے احوال بہت بیان کیے جاتے ہیں۔ علم نجوم کے ماہرین ستاروں کی بگڑی چال سے ڈراتے رہتے ہیں۔ پہلے پہل ہمیں اس بات پر یقین نہیں تھا۔ شعور کی منازل میں قدم رکھتے ہی ہمیں یقین آ گیا کہ اکثر ستاروں کی چال واقعی ٹیڑھی ہوتی ہے۔

عمران خان بھی ہمارے ملک کے افق پر چمکنے والا ایک درخشندہ ستارہ ہے۔ ہم بچپن سے عمران خان کے فین ہیں۔ جب وہ کرکٹ کھیلتے تھے تو ان کا باؤلنگ ایکشن بہت دلکش مگر کچھ آڑھا ٹیڑھا تھا۔ طویل رن اپ لے کر وہ جب دوڑتے تو بجائے سیدھی لائن میں دوڑنے کے ایک سائیڈ سے دوڑتے ہوئے آتے اور ایک زوردار قسم کی چھلانگ لگا کر بال پھینکتے تھے۔ ہم اس وقت چھوٹے تھے اور ٹیڑھی چال کے فوائد کو نہیں سمجھتے تھے۔ بہت بعد میں معلوم ہوا کہ گھی نکالنے کے لیے انگلیوں کو ٹیڑھا کرنا پڑتا ہے۔

یہ بات ہم آج تک سمجھ نہیں پائے کہ ان کے رن اپ کا ٹیڑھا پن کیا ان کی ٹیڑھی عادتوں کی وجہ سے تھا یا ان کے ٹیڑھے رن اپ کی وجہ سے ان کی عادتیں ٹیڑھی ہو گئی تھیں۔ جب وہ کرکٹ کھیلتے تھے تو بہت مغرور اور بددماغ مشہور تھے۔ اب ان کی وجہ شہرت یہ نہیں ہے۔ اب وہ سیاست دان ہیں۔ سیاست دانوں کو اپنے اندر چھپے جذبات چھپانے پر ملکہ حاصل ہوتا ہے۔ پاکستان کی سیاست اپنے آپ میں خود ایک ٹیڑھی کھیر ہے اور کوئی سیدھا سادا بندہ یہ ٹیڑھی کھیر کھانے کا حوصلہ نہیں کر سکتا۔

عمران خان ایک جارحانہ مزاج والے کپتان کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کا جارحانہ پن کرکٹ کے بعد بھی قائم رہا اور اب وہ جارحانہ والے مزاج سیاست دان ہیں۔ ان کی جارحانہ مزاجی کا شکار ملک کے تمام وہ سیاست دان بنتے رہتے ہیں جو ان سے اتفاق نہیں کرتے۔ کرکٹ میں وہ اپنے جارحانہ پن کا اظہاربیٹسمین کو باؤنسر مار کر کرتے تھے۔ سیاست میں وہ مخالف سیاست دانوں پر لفظی باؤنسر پھینکتے ہیں۔

کرکٹ میں نیوٹرل ایمپائر متعارف کروانے کا سہرا عمران خان کے سر جاتا ہے مگر پاکستانی سیاست میں وہ ایمپائر کے جانبدارہونے کے حوالے سے ہمیشہ تنقید کی زد میں رہے ہیں۔ ان کے مخالف سیاست دان ان پر ایمپائروں کو ساتھ ملا کر کھیلنے کا الزام لگاتے ہیں۔ عمران خان کے کرکٹ کیریئر کو دیکھتے ہوئے اس بات پر یقین کرنا گو مشکل ہے مگر عمران خان خود کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کا اعتراف کر چکے ہیں۔ ان کے چاہنے والے ان کی اسی سچ بولنے کی عادت سے خائف رہتے ہیں۔ کیا معلوم مستقبل میں ایمپائر کے حوالے سے وہ کوئی سچ بول ہی دیں۔

عمران خان کرکٹ اور سیاست کے علاوہ اپنے سماجی بھلائی کے کاموں کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ شوکت خانم کینسر اسپتال اور نمل یونیورسٹی کی تعمیر ان کے بے مثال کام ہیں۔ اس کے علاوہ اب وہ اپنی شادیوں کی وجہ سے بھی مشہور ہو چکے ہیں۔

آج کل ان کے عقد ثالثہ کے چرچے ہیں۔ اس سے پہلے وہ دو شادیاں کر چکے ہیں مگر بدقسمتی سے ان دونوں شادیوں کا انجام افسوس ناک ہوا تھا۔ دوسری شادی کی خواہش انہوں نے دھرنے کے دوران کنٹینر پر ظاہر کی تھی۔ ان کے مخالفین نے ان کی کردار کشی کرنے کے علاوہ بطور ایک کامیاب میاں ان کی اہلیت پر بھی سوال اٹھا دیے تھے۔ جس کے جواب میں ایک تصویر جاری ہوئی تھی جس میں عمران خان سخت ورزش کرتے دکھائی دیے۔ ان کی ٹانگ ان کے سر سے بھی زیادہ بلندی پر تھی۔ گویا انہوں نے ان ناقدین کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔ اس کا نتیجہ بھی فوری نکلا تھا۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جس سرعت سے وہ شادی ہوئی تھی اس سے زیادہ عجلت میں اس کا اختتام کر دیا گیا تھا۔

اس مرتبہ عمران خان کا ستارہ پھر سے چمکا ہے۔ گو کہ عمران خان کی ورزش کرتے ہوئے کوئی تصویر جاری نہیں ہوئی مگر اس مرتبہ ان کی نا اہلیت کا کوئی سوال نہیں اٹھا کیونکہ وہ پہلے ہی عدالت سے اہلیت کی سند حاصل کر چکے۔ ان کی متوقع اہلیہ ایک روحانی خانوادے سے تعلق رکھتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ عمران خان نے تین برس پہلے ان کے ہاتھ پر بیعت کی تھی حالانکہ پاکستان میں یہ کام شادی کے بعد کیا جاتا ہے۔

چونکہ سامعہ خان (آسٹرولوجسٹ) اور مرحومہ قندیل بلوچ پہلے ہی ان کی اس شادی کے حوالے سے پیش گوئی کر چکی ہیں لہٰذا ہم امید ہی رکھ سکتے ہیں کہ اس مرتبہ ان کے ستارے گردش میں آنے سے بچ جائیں۔ ایک خبر کے مطابق عمران خان نے محترمہ بشریٰ مانیکا کو شادی کا پیغام دے دیا ہے۔ اور محترمہ نے ہاں کرنے سے پہلے مشرقی روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کچھ وقت طلب کیا ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ یہ وقت جلد پورا ہو اور وزیر اعظم کی شیروانی سے قبل عمران خان زرق برق شیروانی میں ملبوس ہوں اور اس مرتبہ ان کی شادی تادیر قائم رہے۔ آمین۔

اویس احمد

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

اویس احمد

پڑھنے کا چھتیس سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ اب لکھنے کا تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔ کسی فن میں کسی قدر طاق بھی نہیں لیکن فنون "لطیفہ" سے شغف ضرور ہے۔

awais-ahmad has 122 posts and counting.See all posts by awais-ahmad