علینہ قتل کیس؛ پیش رفت


پولیس نے علینہ قتل کیس کا چالان عدالت میں پیش کردیا ہے جس میں مقتولہ کی بہن علوینہ اور اس کے منگیتر مظہر کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی کی عدالت میں علینہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے کیس کا عبوری چالان عدالت میں پیش کردیا۔ جس میں 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ چالان میں مقتولہ کی بہن علوینہ اور اس کے منگیتر مظہر کو مرکزی ملزم جب کہ دو ملزمان سگے بھائیوں عباس اور حسن پر بلیک میلنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چالان میں علینہ کے پڑوسیوں سمیت 16 افراد گواہان کی فہرست میں شامل ہیں۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ علوینہ نے اپنی بہن کے گلے پر چھری چلائی جب کہ مظہر نے مقتولہ کے ہاتھ پکڑ رکھے تھے، علوینہ نے پہلے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی، مقتولہ کی بہن علوینہ اور اس کا منگیتر اعترافِ جرم کرچکے ہیں۔ عدالت نے کیس کا چالان منظور کرتے ہوئے سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ملیر میں واقع ایک گھر سے جواں سال لڑکی کی لاش ملی تھی، پہلے پہل اسے ڈکیتی کی واردات کہا گیا تاہم تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ لڑکی کا قتل اسی کی بہن نے کیا ہے اوراس میں قاتلہ کا منگیتر بھی شامل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).