کریم نے کرائے بڑھا دئیے


آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ’کریم‘ نے پاکستان کے 3 بڑے شہروں میں اپنے کرائے بڑھا دیئے۔

کریم نے فوری طور پر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اپنے کرایوں میں اضافہ کیا ہے۔

کریم کی جانب سے یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کیا گیا۔

کریم کی جانب سے چند دن قبل اپنے صارفین کو بھیجی گئی ای میل میں آگاہ کیا گیا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد ان کے ڈرائیورز کو کاروبار کو جاری رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، جس وجہ سے کرایوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

کریم کی جانب سے بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ان کے ڈرائیورز بلاواسطہ یا بلواسطہ متاثر ہو رہے ہیں، جس کے باعث کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمپنی نے اپنے اس فیصلے کو صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا سبب بھی قرار دیا۔

اگرچہ ای میل میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کرایوں میں کتنے فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، تاہم مجموعی طور پر کریم کی تمام سروسز پر 20 سے 50 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کرایو میں اضافے کے بعد ’کریم گو‘ کا اسلام آباد کا بنیادی کرایہ 85 روپے، جب کہ لاہور اور کراچی کا 75 روپے کردیا گیا، اسی طرح ’گو‘ کے دیگر کرایہ جات میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

اسی طرح ’کریم بزنس‘ کا اسلام آباد کا بنیادی کرایہ بڑھا کر 160 روپے، جب کہ کراچی کا بھی 160 اور لاہور کا 200 روپے کردیا گیا، اسی طرح ’بزنس‘ کے دیگر کرایہ جات میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

’کریم ٹیکسی‘ کا اسلام آباد کا بنیادی کرایہ بڑھا کر 35 روپے کرکے اس کے دیگر کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا، دارالحکومت میں ’کریم بائیک‘ کا ابتدائی کرایہ 30 روپے کردیا گیا۔

لاہور میں ’کریم بائیک‘ کا بنیادی کرایہ بڑھا کر 25 روپے، جب کہ ’کریم تیز‘ کا کرایہ بڑھا کر 15 روپے کردیا گیا، ان دونوں سروسز کے دیگر کرایوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی میں ’کریم بائیک‘ کا بنیادی کرایہ 30 روپے، جب کہ ’کریم تیز‘ کا کرایہ 15 روپے کرکے ان دونوں سروسز کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ ’کریم‘ کو پاکستان میں چھٹا سال ہے، مشرقی وسطیٰ کی کمپنی نے پاکستان میں 2012 سے اپنی سروس کی شروعات کی، یہ کمپنی دنیا کے 13 ممالک میں سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

کریم سروس کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ دیگر 5 بڑے شہروں میں بھی سروس فراہم کرتی ہے۔

جولائی 2017 تک ملک بھر میں کریم ڈرائیورز کی تعداد ڈھائی لاکھ تک پہنچ چکی تھی، جس میں یقینا اب مزید اضافہ ہوچکا ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).