شعیب ملک سر پر چوٹ لگنے سے زخمی


شیعب ملک

شیعب ملک نے اس وقت ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا

پاکستان کے آل راؤنڈر شعیب ملک منگل کو نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ میں سر پر چوٹ لگنے سے عارضی طور پر بے ہوش ہو گئے۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے ایک بیان کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شعیب ملک ایک تیز رنز لینے کے لیے کریز سے نکلے لیکن پھر اراردہ ترک کر کے کریز کی جانب واپس جا رہے تھے کے ایک فیلڈر کی پھینکی ہوئی گیند ان کے سر کے پچھلے حصے میں لگی۔ شیعب ملک نے اس وقت ہیلمٹ پہنا ہوا نہیں تھا۔

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں مسلسل چوتھی شکست

35 سالہ ملک نے بیٹنگ جاری رکھی، لیکن صرف چار مزید گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد وہ چھ رنز کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں جب نیوزی لینڈ کی ٹیم بلے بازی کے لیے آئی تو شعیب ملک میدان میں نہیں سکے۔

ایک بیان میں پاکستانی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وِب سنگھ کا کہنا تھا کہ ’شیعب ملک ایک رنز لینے کی کوشش میں تھے کہ ایک فیلڈر کی بے بے تُکی تھرو ان کے سر پر آ لگی۔‘

’ٹیم کے ڈاکٹر اور میں نے فیلڈ پر جا کر شعیب کو دیکھا۔ کنکشن یا بے ہوشی کی کوئی علامت دکھائی نہیں دی اور وہ کھیل جاری رکھنے کے قابل تھے۔ آوٹ ہو جانے کے بعد ان کا دوبارہ طبعی معائنہ کیا گیا تو ان میں چوٹ کے بعد سر چکرانے ( لیٹ کنکشن) کی علامات نظر آئیں۔ اب ان کی حالت بہتر ہے اور وہ آرام کر رہے ہیں۔‘

شعیب ملک

ہم ان دس اوورز کا فائدہ نہ اٹھا سکے جو آف سپنر شعیب ملک نے کرانے تھے: مِکی آرتھر

میچ کے بعد جب پاکستانی ٹیم کے کوچ مِکی آرتھر سے شعیب ملک کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ انھیں کچھ دیر کے لیے بے ہوشی ہوئی تھی، اور ان کی طبعیت بہت اچھی نہیں ہے، تاہم میرے پاس حتمی رپورٹ نہیں ہے۔‘

ہیملٹن میں کھیلے گئے اس ایک روزہ میچ میں پاکستان کی سات وکٹوں سے شکست کے بعد مِکی آرتھر نے یہ اعتراف بھی کیا کہ میچ میں تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کے کمی محسوس کی گئی۔

مِکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ ’ملک کے کھیل جاری نہ رکھ سکنے کی وجہ سے ہم ان دس اوورز کا فائدہ نہ اٹھا سکے جو آف سپنر شعیب ملک نے کرانے تھے۔ اگر وہ ہوتے تو ہم تیز باؤلروں کو جلد ہٹا کر ملک کو بالنگ پر لگا دیتے۔‘

’ ہمارے پاس حارث سہیل تھے، ان کی عزت اپنی جگہ، لیکن شعیب ملک بہت اچھے اور تجربہ کار آف سپنرہیں۔ ملک کے نہ کھیل سکنے سے ہمیں مایوسی ہوئی کیونکہ آج ان کے دس اوور ہمارے لیے بہت اہم ثابت ہو سکتے تھے۔‘

یاد رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی اس سیریز میں اب نیوزی لینڈ کو چار صفر کی برتری حاصل ہے اور وہ سیرز جیت چکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32541 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp