ٹویٹر کا کاٹا پانی نہیں مانگتا


غور کریں تو نواز شریف کا کم مذاق اڑائے جانے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ پبلک سے دور رہتے ہیں۔ پچھلے دنوں خلاف معمول پبلک میں نکل آئے تو پورا سوشل میڈیا گونج اٹھا ”مجھے کیوں نکالا“۔ یہ جملہ اب ضرب المثل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

شہباز شریف پبلک میں نکلنے کے شوقین ہیں تو ان کا کباڑا کیا جاتا ہے۔ مائیک گرانے پانی میں کھڑے ہونے اور پنجاب سپیڈ پر ان کے ساتھ ستھری ہوتی ہے۔ قرائن سے اندازہ ہو رہا ہے کہ شہباز شریف کو خود آئیڈیا ہو گیا ہے کہ ایسی حرکتیں کرنے سے شہرت تو ملتی ہے مگر ویسی ہی جیسی چچا چھکن کو نصیب ہوتی تھی۔ یعنی لوگ لطیفہ بنا کر مشہور کر دیتے ہیں۔ اب اس دور وزارت میں وہ کسی برساتی پانی میں کھڑے دکھائی نہیں دیے۔

عمران خان صاحب نہ تو سپیکر سے دور رہ سکتے ہیں اور نہ ٹویٹر سے۔ اس لئے اپوزیشن میں رہ کر بھی وہ حکومت کے مزے لوٹتے ہیں۔ یعنی بیشتر عوام حکومت کی بجائے ان کا مذاق اڑاتے پائے جاتے ہیں۔ یہ غالباً تاریخ عالم کی واحد اپوزیشن ہے جس کو میڈیا میں حکومت سے زیادہ مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

آپ کو اس تھیوری پر یقین نہیں آ رہا تو ٹویٹر والے دوسرے خاکی و فانی حضرات پر یہ تھیوری چسپاں کر کے دیکھ لیں۔ بلکہ دور کیوں جاتے ہیں۔ ٹرمپ صاحب ایک عبرت ناک مثال بنے موجود ہیں۔ تو صاحبو بات بس اتنی سی ہے کہ بندہ اپنی بے عزتی کروانے کا شوقین ہو تو ٹویٹر سے بہتر کوئی دوسرا میڈیا مشکل سے ہی ملے گا۔

شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ بندہ ایک جملہ لکھتے ہوئے زیادہ سوچنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا ہے۔ بس دھن سے داغ دیتا ہے۔ اس کے بعد جب دنیا بھر سے دے دھنادھن شروع ہوتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ یہ گولہ تو اپنے قلعے پر ہی آن لگا ہے۔ یہ شاٹ تو اپنے ہی گول میں جا گری ہے۔ اس کے بعد عظیم لیڈر کی پبلک ریلیشن ٹیم کی دوڑیں لگ جاتی ہیں کہ ڈیمیج کنٹرول کیسے کریں۔ ابھی اس ٹیم کا سانس ہی قابو نہیں آتا کہ اگلی ٹویٹ آ جاتی ہے۔ یوں گریٹ لیڈر مزید گریٹ بن جاتا ہے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar