سفارشیوں کی شہرت وقتی ہوتی ہے؛ مجھے آئیڈیل راہنما کی تلاش ہے


اداکارہ و ماڈل متیرا نے کہاہے کہ لیجنڈ فنکار ہی ہمارے لیے انسٹیٹیوٹ کا درجہ رکھتے ہیں جن کے کام سے ہم رہنمائی لے سکتے ہیں۔

اداکارہ وماڈل متیرا نے کہاہے کہ فن کسی کی میراث نہیں، نہ ہی کوئی ڈگری شوبز انڈسٹری میں کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے۔ محنت اورلگن سے کام کرنے والوں کو کامیابی اورسفارشی لوگوں کو وقتی شہرت ملتی ہے۔

متیرا نے کہا کہ شوبزانڈسٹری جتنے بھی نامور فنکار ، گلوکار ، موسیقار ، رائٹر، ڈائریکٹر آئے ان میں سے اکثریت اپنی خدا داد صلاحیتوں کے بل بوتے پرکامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تو ایکٹنگ سمیت دیگر شعبوں میں تربیت دینے کے لیے باقاعدہ کوئی ادارہ نہیں تھا مگر اب کچھ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ایکٹنگ اور فلم میکنگ کو پڑھایا جانے لگا ہے۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے کیونکہ اس سے شوبز انڈسٹری میں آنے کے خواہشمند لوگوں کوکسی حد تک کیرئیر کوآگے بڑھانے میں سپورٹ ملے گی۔

اداکارہ نے کہا کہ دیکھا جائے تولیجنڈ فنکار ہی ہمارے لیے انسٹیٹیوٹ کا درجہ رکھتے ہیں جن کے کام سے ہم رہنمائی لے سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں متیرا نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ بطور اداکارہ مجھے اچھے پروجیکٹس ملے اور ان میں میری پرفارمنس کو پسند بھی کیا گیا۔

متیرا کا کہنا تھا کہ جہاں تک بات نوجوان فنکاروں کی ہے تو نئے لوگ اچھا کام کر رہے ہیں مگر انھیں اپنے سنیئرز سے بھی رہنمائی بھی ضرور لینی چاہیے۔ اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری ایک اچھے دور میں داخل ہورہی ہے۔ باکس آفس پر اچھے نتائج سے اس میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہاہے تاہم اگراسی طرح اچھے موضوعات کا انتخاب ہوتا رہا اورانٹرنیشنل مارکیٹ تک پہنچنے کیلیے معیاری فلمیں پروڈیوس ہوتی رہیں تو ایک دن ایسا بھی ضرور آئے گا جب پاکستانی فلمیں بالی وڈ توکیا ہالی وڈ کوبھی پیچھے چھوڑ جائیں گی۔

اداکارہ نے کہا کہ ہم سب کو ایک بات ضرور یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، لیکن انھیں درست سمت میں آگے بڑھنے کیلیے ایسے آئیڈیل فنکاروں کی تلاش ہیں، جواپنے کام سے ان کے بہتررہنما بن سکیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).