بچے کی پیدائش یا شادی پہ خواتین اداکاروں سے میڈیا کا رویہ بدلنا چاہیئے؛ سونم کپور


سونم کپور کی شادی کی افواہیں طویل عرصے سے گردش کررہی ہیں اور اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا ہے کہ میڈیا کو اب شادی شدہ اداکاراؤں کی جانب اپنا پرتاؤ تبدیل کرنا چاہیے۔

جیسے جیسے ہندی سینما میں خواتین کے لیے کردار بہتر ہوتے جارہے ہیں، ساتھ میں ہی شائقین کو بہت سی مضبوط خواتین کی کہانیاں فلموں میں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔

کرینہ کپور خان، ایشوریا رائے بچن، کاجول اور رانی مکھرجی جیسی اداکارائیں ماں بننے کے باوجود اپنے کیریئر میں اس ہی سنجیدگی سے کام کررہی ہیں جتنا کے وہ پہلے کرتی نظر آتی تھیں۔

جبکہ انوشکا شرما، ودیا بالن جیسی اداکاراؤں کے کیریئر کو بھی شادی سے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ایسے میں سونم کپور جو ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو خبروں سے دور رکھنے کی کوشش کرتی ہیں کا ماننا ہے کہ وہ اس موضوع پر اس وقت بات کرنا بہتر سمجھیں گی جب میڈیا یہی سوالات اداکاراؤں کے ساتھ ساتھ اداکاروں سے بھی کریں گے کہ وہ شادی کے بعد اپنے کیریئر کو کس طرح آگے لے کر چلتے ہیں ہا بچے کی پیدائش کے بعد ان کا کم بیک کرنے کا ارادہ ہے۔

ماضی کی کامیاب اداکاراؤں کا حوالہ دیتے ہوئے سونم کپور نے کہا کہ ’چاہے نرگس تھیں، وحیدہ رحمٰن، شرمیلا ٹیگور، ڈمپل کپاڈیا، مادھوری ڈکشٹ یا کاجول ان سب کو شادی کے بعد بھی شائقین نے بےحد پسند کیا، لیکن بس کچھ ہی لوگوں کا ماننا ہے کہ شادی کے بعد کام کرنا مشکل ہوگا، ہم سب کو کام کرتے رہنا چاہیے تبدیلی خود بہ خود آجائے گی‘۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).