انڈیا: ’گاڑیوں کو آگ لگانے والا‘ ڈاکٹر گرفتار


انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹکا میں ایک ڈاکٹر کو گذشتہ چند روز کے دوران 25 گاڑیوں کو آگ لگانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مقامی پولیس نے سی سی ٹی وی کی فوٹیج حاصل کی ہے جس میں مبینہ طور پر ڈاکٹر امیت گیکواد کو ہلمٹ پہننے مختلف عمارتوں میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اب تک یہ واضح نہیں کہ ملزم کسی ذہنی مرض کا شکار ہیں یا پھر انھیں گاڑیوں کو آگ لگانے کا شوق ہے۔

آگ لگائی گاڑیوں میں سے 13 کے مالکان بھی پیشہ ور ڈاکٹر ہیں تاہم بظاہر ان کا ڈاکٹر امیت گیکواد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ 13 ڈاکٹر، ڈاکٹر گیکواد سے مختلف ضلعے میں کام کرتے ہیں۔ ڈاکٹر امیت گیکواد پیتھولوجی کے شعبے میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔

ایک اہلکار نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ ’پیشہ وارانہ طور پر انھیں (ڈاکٹر گیکواد) ایک اچھا استاد ماننا جاتا ہے۔ ان کے دفتر میں کام کرنے والے ساتھی اس خبر پر حیران تھے۔‘

37 سالہ ڈاکٹر گیکواد کو ایک سیکیورٹی گارڈ نے 17 جنوری کو پکڑ لیا تھا۔ ان کی گرفتاری کے وقت پولیس کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر انھوں نے اسی روز 10 گاڑیوں کو آگ لگائی تھی۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ انھیں شک ہے کہ ریاست کے دو اضلع میں 14 اور 15 جنوری کو مختلف واقعات میں اس ملزم نے اس سے پہلے 15 گاڑیوں کو آگ لگائی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر گیکواد گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے گاڑی کے ایئر وینٹ کے قریب کیمفور نامی کیمیائی مواد کا استعمال کرتے تھے تاکہ آگ گاڑی کی تاروں اور اندرونی حصہ کو لگ جائے۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp