ویڈیو انٹرویو کا ریکارڈ، ضمنی ریفرنس کا حصہ


نواز شریف

قومی احتساب بیورو یعنی نیب نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن نواز، حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف لندن کے مہنگے ترین علاقے میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے بارے میں ایک ضمنی ریفرنس دائر کیا ہے۔

نیب کی طرف سے دائر کیے جانے والے اس ریفرنس میں ملزمان نواز شریف اور ان کے بچوں کی طرف سے مختلف ٹی وی چینلز کو دیے گئے انٹرویوز کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اس ضمنی ریفرنس میں سات سرکاری گواہان بنائے گئے ہیں جن میں نیب کے حکام کے علاوہ وزارت اطلاعات کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ نیب حکام کے مطابق ان سرکاری گواہوں میں پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سربراہ واجد ضیا بھی سرکاری گواہوں میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’صدر کو وزیر اعظم کی سمری مسترد کرنے کا اختیار نہیں‘

حدیبیہ ملز ریفرینس نہ کھولنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست

پاناما کیس: سپریم کورٹ نے نیب اور ایف بی آر کو طلب کر لیا

سپریم کورٹ کے حکم پر ملزمان کے خلاف دائر ہونے والے لندن فلیٹس کے ریفرنس میں مریم نواز کی طرف سے کیلبری فانٹ استعمال کرنے کے معاملے پر احتساب عدالت کے جج نے ملزمہ کے خلاف اس معاملے پر کارروائی سے روک دیا تھا۔

اس عدالتی فیصلے کے خلاف نیب کے حکام نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم جب اس درخواست کی پہلی سماعت پر ہی نیب نے درخواست یہ کہہ کر واپس لے لی تھی کہ وہ اس بارے میں ضمنی ریفرنس دائر کرنا چاہتے ہیں۔

نیب کے حکام نے اس ریفرنس میں دو گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے ہیں جو ان دنوں برطانیہ میں مقیم ہیں۔

نیب کے حکام نے اس ضمنی ریفرنس کی تیاری میں ملزمان کے جن میں نواز شریف اور ان کے بچے شامل ہیں، مختلف ادوار میں دیے گئے ٹی وی انٹرویوز کو بھی شامل کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی ایون فیلڈ پراپرٹیز کے بارے میں جو ریفرنس دائر کیا گیا ہے اس میں بھی ان کو ریفرنس کا حصہ بنایا گیا تھا۔

سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیے جانے کے فیصلے کو نواز شریف اپنے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہیں اور وہ اس پر کھلے بندھوں تنقید بھی کرتے رہے ہیں۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیب کے پاس ایون فیلڈ ریفرنس میں کچھ نئے شواہد آئے ہوں گے جس کی بنیاد پر یہ ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عدالت سمجھے کہ اس سپلیمنٹری ریفرنس میں کوئی قابل ذکر شواہد موجود نہیں ہیں تو وہ اس ریفرنس کو مسترد بھی کرسکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp