فائنل کون کھیلے گا؟


\"mazhar

ایک ہفتہ قبل سپرٹین مرحلے کے بارے کیے گئے میرے پیشگی تجزیے کے مطابق نیوزی لینڈ، انڈیا ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈکی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئی ہیں۔ سپرٹین مرحلے کے دوسرے نصف حصے کے میچز کے بارے کیے گئے میرے پیشگی تجزیے میں سے صرف ویسٹ انڈیز کے دو میچز کے نتائج توقع کے برخلاف رہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جنوبی افریقہ جیسے مضبوط حریف سے اپنا اہم میچ جیت گئی جبکہ افغانستان جیسے کمزور حریف سے اپنا غیر اہم میچ ہار گئی۔ پاکستان کے سیمی فائنل نہ کھیلنے کے بارے میرے تجزیے کو کچھ دوستوں نے زمینی حقائق سے واقفیت نہ رکھنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ۔ سپر ٹین مرحلے میں نیوزی لینڈ واحد ایسی ٹیم ہے جس نے اپنے گروپ کے چاروں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز ، انگلینڈ اور انڈیا کو سپر ٹین مرحلے کے ایک ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑاہے۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے دوسری مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے ۔انڈیا کی ٹیم نے تیسری مرتبہ جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے چوتھی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیاہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اس سے پہلے2007ء میں ہونے والے پہلے ٹوینٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا لیکن سیمی فائنل میں اسے پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم 2010ء کے ورلڈ کپ میں پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچی تھی اور سیمی فائنل میں سری لنکا جبکہ فائنل میں آسٹریلیا کو ہراتے ہوئے پہلی بار کسی عالمی ایونٹ کی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئی تھی۔ انڈیا کی ٹیم نے اس سے پہلے2007ء اور2014ء کے ورلڈ کپ مقابلوں میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور 2007ء میں آسٹریلیا اور2014ء میں جنوبی افریقہ کو ہراتے ہوئے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔2007ء کے فائنل میں پاکستان کو شکست دیکر انڈیا پہلے ٹوینٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا فاتح بنا تھا جبکہ2014ء کے فائنل میں اسے سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس سے پہلے2009ء 2012ء اور2014ء کے ورلڈ کپ مقابلوں میں سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 2009ء اور2014ء کے ورلڈ کپ سیمی فائنلز میں سری لنکا کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ2012ء کے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ہراتے ہوئے نہ صرف فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا بلکہ فائنل میں سری لنکا کو شکست دیکر پہلی بار ٹوینٹی ٹوینٹی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

2016ء کے ٹوینٹی ٹوینٹی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں بدھ کو دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی جبکہ جمعرات کو انڈیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ممبئی میں آپس میں ٹکرائیں گی۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے سیمی فائنل کی دو ٹوک الفاظ میں پیشگوئی مشکل ہے تاہم غالب امکان یہی ہے کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ کو ہراتے ہوئے پہلی بار ٹوینٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے لیکن زبردست فارم میں ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو قابو کرنا انگلینڈ کے لیے مشکل ہو سکتا ہے۔ انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل میں انڈیا کی جیت یقینی نظر آ رہی ہے۔ ویسٹ انڈیز اگرچہ اچھا کھیل رہا ہے لیکن انڈیا کو انڈیا میں ہرانا اس کے لیے آسان نہیں ہوگا۔انڈیا اس سے پہلے دو بار سیمی فائنل میں پہنچا ہے اور دونوں بار جیتا ہے۔ اس بار بھی ایسے ہی نتائج کی توقع ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments