پاکستان کے پرانے سٹار کرکٹر بوڑھے ہو چکے ہیں؛ نجم سیٹھی


چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پرانے اسٹار کھلاڑیوں کو’’بوڑھے‘‘ قرار دیتے ہوئے نئی ٹیم بنانے کا عندیہ دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاکہ پاکستان کے پرانے اسٹار کھلاڑی اب بوڑھے ہو رہے ہیں،ان کے ریفلیکسز اتنے اچھے نہیں رہے جتنے پہلے تھے،اس لیے ہمیں ایک نئی ٹیم تیار کرنا پڑ رہی ہے،نئے کھلاڑیوں کو اسٹار بنانے میں وقت لگے گا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی کیلیے تیار کر دیا،ٹیسٹ میں تو ہم ٹھیک البتہ ایک روزہ کرکٹ میں کمزور ہیں، اب ہمارا تمام تر دھیان ورلڈ کپ پر ہے اور اس کی تیاری کر رہے ہیں،ہمارے پاس اچھے کھلاڑی موجود اور مڈل آرڈر میں بھی متبادل مل گئے ہیں، انھیں میچور ہونے میں تھوڑا وقت درکار مگر مجھے امید ہے کہ سب اچھا ہو جائیگا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نزی لینڈ سے ون ڈے سیریز میں شکست کی وجوہات کا صحیح تعین کوچ اور منیجر کی رپورٹ آنے کے بعد کیا جا سکے گا۔ چیئرمین بورڈ نے کہا کہ پاکستانی پلیئرز اب جدید طرز کی کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت کے حامل ہو جائیں گے۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ پاس ماڈرن کوچز اور اچھے کھلاڑی موجود ہیں، یقیناً بہتری آئیگی، انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ 12ماہ کے دوران ہم ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہ چکے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی رینکنگ بہتر ہوئی، ملک میں اسکول اور کلب کرکٹ سے لیکر پی ایس ایل فرنچائزز کے ذریعے ٹیلنٹ تلاش کیا جا رہا ہے، بہتری کے دیگر اقدامات کے بھی ذریعے آئندہ 2 برس کے دوران ملک میں کرکٹ کا نقشہ بدل جائیگا۔

اس سوال پر کہ پاکستان کب تک ایک مکمل سیریز کی میزبانی کرنے میں کامیاب ہو پائے گا؟ نجم سیٹھی نے کہا کہ اس کے کئی پہلو ہیں جبکہ میرا اختیار صرف ایک پر ہے، دیکھنا یہ ہو گا کہ ملک کی عمومی سیکیورٹی صورتحال کس حد تک اور کتنی جلدی بہتر ہوتی ہے، ویسے کافی بہتری آ چکی ہے، اگر ہم اسٹیڈیمز تیار کر لیں تو وقت کے ساتھ ساتھ مقابلے ہونے لگیں گے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ اگلے 2 برسوں میں پاکستان میں کرکٹ کی مکمل بحالی ہو جائیگی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ میچز کیلیے ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور دیگربورڈز سے منظوری مل جائیگی، ہماری کرکٹ کو جو نقصان ہونا تھا ہو گیا،اب ہم اس کا ازالہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون میں کئی بڑے کھلاڑی شامل تھے، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں بھی آ چکیں، ویسٹ انڈین اسکواڈ مارچ میں آئے گا،آئندہ 12 ماہ میں کوئی اور اچھی خبر بھی سامنے آئیگی۔

پی ایس ایل میں گذشتہ برس اسپاٹ فکسنگ کا ایک واقعہ سامنے آیا تھا، اس کے روک تھام کے اقدامات پر نجم سیٹھی نے کہاکہ ہم بنیادی اور ضروری اقدام یقینی بنا رہے ہیں، انتہائی مستعدی سے نگرانی ہو رہی ہے،اب معافی کی کوئی گنجائش نہیں، جن لوگوں کو ہم نے پکڑا اور سزا دی ظاہر ہے ان کیخلاف ہمارے پاس ثبوت تھے اور ہم درست ثابت ہوئے تاہم یہ ایسا ہی ہے کہ آپ پکڑے گئے تو آپ کا سر قلم، جب تک میں ہوں حقیقی معنوں میں زیرو ٹالرینس ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).