بالی وڈ راؤنڈ اپ: ’تنہا رہنے والی خواتین معاشرے کو تسلیم نہیں‘


تبو

انڈین فلم انڈسٹری میں ایسی بہت کم اداکارائیں ہیں جو اپنے کرداروں سے اتنی متعارف ہوتی ہیں کہ آپ کسی اور کو اس کردار میں تصور ہی نہیں کر سکتے۔ تبسم فاطمہ ہاشمی یعنی تبو ایسی ہی چند اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

‘ماچس،’ ‘استِتو،’ ‘چاندنی بار’ اور ‘حیدر’ جیسی فلمیں اس کی ایک مثال ہیں۔ سنجیدہ سینیما میں انتہائی جذباتی اور سنجیدہ کرداروں کے ذریعے لوگوں کو متاثر کرنے والی تبو نے جب پچھلے سال ‘گول مال اگین’ جیسی کامیڈی فلم کی تو لوگ حیران رہ گئے۔ لیکن شاید یہی ایک مضبوط اور باصلاحیت اداکار کی پہچان ہے کہ وہ اپنے مختلف کرداروں سے لوگوں کو محظوظ کرتے رہیں۔

46 سالہ تبو غیر شادی شدہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘ہمارے معاشرے میں لوگوں کو یہ بات تسلیم کرنے میں دشواری ہوتی ہے کہ کوئی خاتون اپنی مرضی یا پسند سے تنہا رہنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔’

تبو کی یہ بات کافی حد تک درست کہی جا سکتی ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں جہاں لڑکی کو ہوش سنبھالتے ہی کہا جاتا ہے کہ وہ پرایا دھن ہے اسے کسی دوسرے کے گھر جانا ہے وہ کسی اور کی امانت ہے اب ایسے میں لڑکی ‘دوسرے کے گھر’ نہ جانے کا فیصلہ کرے تو سوال تو اٹھیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

٭ اجے دیوگن نے میری شادی نہیں ہونے دی: تبو

٭ مجھے لڑکی مل گئی: سلمان خان

٭ ‘عزت کا طوق صرف عورتوں کے گلے میں کیوں’

اس طرح کی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ صرف لڑکیوں میں ہی نہیں لڑکوں میں بھی تاکہ مجموعی طور پر معاشرہ ان روایات اور نظریات کو تبدیل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

سلمان خان کی نئی کھوج ورینہ حسین اپنی پہلی فلم کی تیاری میں مصروف ہیں۔ اب ظاہر ہے جس کا تعارف سلمان خان اس دھماکے دار انداز میں کرائیں اس کے کریئر کو آگے بڑھنے سے کون روک سکتا ہے؟

ورینہ سلمان خان کی بہن ارپتا کے شوہر ایوش شرما کی فلم ‘لَو راتری’ کی ہیروئن ہوں گی۔

سلمان کی اس ٹویٹ کے بعد کہ ’انھیں لڑکی مل گئی‘ ورینہ کو راتوں رات جو شہرت ملی ہے وہ شاید انھوں نے خواب میں بھی نہیں سوچی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیے

٭ جب ایشوریہ کی بیٹی نے رنبیر کو پاپا سمجھ لیا

٭ اجے دیوگن سے خاص رشتہ ہے: تبو

افغان اور عراقی نسل سے تعلق رکھنے والی ورینہ فلم میں بیلے ڈانسر کا کردار نبھائیں گی۔ فلم کتنی کامیاب ہو گی یہ تو بعد میں معلوم ہو گا ہاں ورینہ خان کیمپ کے سائے میں رہیں تو ضرور کامیاب رہیں گی۔

ابھیشیک بچن

اس ہفتے ایک دلچسپ خبر نظروں سے گزری۔ دراصل ایک ترک سائبر آرمی نے کچھ مشہور ہستیوں کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا جن میں انوپم کھیر کے ساتھ ساتھ ابھیشیک بچن کا اکاؤنٹ بھی شامل تھا۔

ابھیشیک بچن سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو انھوں نے بڑے جوش میں کہا: ‘جی ہاں میرا اکاؤنٹ ہیک ہوا ہے۔ شکر ہے کسی نے تو مجھ میں دلچسپی لی۔’

ابھیشیک کے حسِ مزاح کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ انھیں اکثر امیتابھ بچن جیسے کامیاب سپر سٹار کے بیٹے اور ایشوریہ رائے جیسی ہیروئن کے شوہر ہونے پر طنز و مزاح کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جس کا جواب وہ سوشل میڈیا پر انتہائی دلچسپ انداز میں دیتے ہیں۔

ابھیشیک بچن، ایشوریہ رائے اور امیتابھ بچن

ابھیشیک فلموں میں وہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے جو ان کے پاپا یا ان کی بیگم کو ملی ہے۔ جس طرح کا دباؤ ابھیشیک پر رہا ہے اس کا اظہار انھوں کبھی کسی انٹرویو یا سوشل میڈیا پر نہیں کیا۔

سنہ 2016 میں ‘ہاؤس فل تھری’ کے بعد سے ابھیشیک بڑے پردے سے غائب تھے لیکن اب سنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں مرکزی کردار میں ہوں گے جو ساحر لدھیانوی کی بائیو پک ہے۔ اب خدا خیر کرے ایک تو اتنی مشکل سے کام ملا اور وہ بھی بھنسالی صاحب کی فلم میں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp