پاکستان کے معروف اداکار قاضی واجد چل بسے


ریڈیو، ٹیلی ویژن، فلم اور تھیئٹر کے معروف فنکار قاضی واجد کا اتوار کے روز کراچی میں انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی عمر 88 برس تھی۔

اطلاعات کے مطابق انھیں سنیچر کی رات دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم وہ اس سے جانبر نہ ہو سکے۔

قاضی واجد نے اپنے کریئر کا آغاز ریڈیو میں بچوں کے پروگرام سے کیا۔ بعد میں انھوں نے ریڈیو پر متعدد کردار ادا کر کے شہرت حاصل کی۔ جب 60 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوئے تو قاضی واجد اس سے منسلک ہو گئے۔

1969 میں ٹیلی ویژن کی تاریخ کے کامیاب ترین ڈرامہ سیریلز میں سے ایک ’خدا کی بستی‘ شروع ہوا تو اس میں قاضی واجد کو اس میں راجہ بدمعاش کا کردار ملا جس نے قاضی واجد کو ملک بھر میں مشہور کر دیا۔

قاضی واجد نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اس زمانے میں ہر طرف لوگ انھیں دیکھنے کے لیے جمع ہو جاتے تھے۔

ویسے تو قاضی واجد نے ٹیلی ویژن پر ان گنت کردار ادا کیے تاہم انھیں ‘دھوپ کنارے،’ ‘تنہائیاں،’ دھوپ کنارے،‘ ’حوا کی بیٹی،‘ ‘خدا کی بستی’ اور ‘انارکلی’ میں یادگار پرفارمنسز کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انھوں نے زیادہ تر چھوٹے اور منفی کردار ادا کیے لیکن اپنی مخصوص شخصیت سے ان میں ایسے رنگ بھر دیے کہ وہ آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔

انھوں نے ایک خود کہا تھا کہ مجھے جب بھی کسی بےجان مرکزی کردار کی پیش کش ہوا کرتی تھی تو میں کہتا تھا کہ بھئی یہ کوئی اور کر لے گا، مجھے یہ فقیر کا کردار دے دو۔‘

سوشل میڈیا پر متعدد معروف شخصیات نے ان کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ نعیم بخاری نے لکھا: ‘قاضی واجد کے انتقال کا سن کر بڑا افسوس ہوا۔ بہت بڑا نقصان ہے۔’

اس کے علاوہ ماہرہ خان اور حمزہ علی عباسی نے بھی ان کے انتقال پر تعزیتی کلمات تحریر کیے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp