اقتدار میں آکر سب سے پہلے اداروں کو ٹھیک کروں گا، عمران خان


چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جمہوریت میں بجٹ ہوتا ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ نہیں ہوتا، میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہوں اور اسلامی فلاحی ریاست پر یقین رکھتا ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر ان کی جماعت اقتدار میں آئی تو ان کا سب سے پہلا کام ریاستی اداروں کو ٹھیک کرنا ہوگا۔
عمران خان نے اسلام آباد لائر کلب کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ جمہوریت میں ادارے ہوتے ہیں، احتساب ہوتا ہے، اقتدار میں آکر سب سے پہلے اداروں کو مضبوط کریں گے۔
عمران خان نے ایک بار پھر یہ دعویٰ کیا کہ انہیں سینیٹ کے ایک ٹکٹ کے لیے 40 کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ملک پُلوں یا سڑکوں سے نہیں بنتے بلکہ تعلیم سے بنتے ہیں، پنجاب میں اس وقت تک کچھ نہیں ہوسکتا جب تک رائے ونڈ سے حکم جاری نہ ہو، رائے ونڈ کے حکم کے بغیر کوئی ایس ایچ او بھی تعینات نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بادشاہ ٹیکس کے پیسے کا غلط استعمال کرتا ہے، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا، کس نے اجازت دی کہ عوام کا پیسہ اس طرح خرچ کریں۔
عمران خان نے کہا کہ ان کے نظریاتی رول ماڈل علامہ اقبال جبکہ سیاسی رول ماڈل قائد اعظم محمد علی جناح ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئندہ نسلوں کے لیے دو چیلنجز سامنے آرہے ہیں، آلودگی اہم مسئلہ ہے جس سے اوسط زندگی کم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت نے 1 ارب سے زائد درخت لگائے ہیں جس پر میں کے پی حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں، ڈبلیوڈبلیو اونے 2 مرتبہ لگائے گئے درختوں کا آڈٹ کیا ہے لیکن میاں صاحب کو درخت نظر نہیں آرہے۔
عمران خان نے کہا کہ ’’میاں صاحب! میرےساتھ چلیں، میں دکھاتاہوں درخت کہاں لگے ہیں‘۔

چیئرمین تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ ماہر اقتصادیات حفیظ پاشا کے مطابق خیبر پختونخوا میں معاشی شرح نمو5 فیصد ہے جو دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ میرٹ پر لوگوں کو لائیں کے جس سے ادارے ٹھیک ہوجائیں گے۔
بشکریہ جیو نیوز


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).