’تماشائی نے عمران طاہر کو نسل پرستانہ گالی دی‘


عمران طاہر

کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کا کہنا ہے کہ جوہانسبرگ میں انڈیا کے خلاف چوتھے ایک روزہ کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی فتح کے دوران ایک تماشائی نے لیگ سپنر عمران طاہر کو نسل پرستانہ گالی دی تھی۔

38 سالہ عمران طاہر نے اس مبینہ واقعے کے بارے میں سٹیدیم کے سکیورٹی حکام کو بتایا تھا اور وہ سنیچر کو وانڈرز سٹیڈیم میں اس تماشائی کی نشاندہی کے لیے ان کے ساتھ گئے تھے۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے پیر کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

بیان کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے عمران طاہر کو زبانی اور نسل پرستانہ گالی دی تھی۔

عمران طاہر نے اس واقعے کے بارے میں سٹیڈیم کی سکیورٹی کو مطلع کیا اور وہ دو سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ سٹینڈز میں گئے تاکہ اس شخص کی شناخت کے بعد اسے سٹیڈیم سے باہر نکالا جاسکے۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس فٹیج کے بارے میں مطلع ہیں جس میں عمران طاہر سٹینڈز میں تماشائیوں کے آمنے سامنے دکھائی دے رہے ہیں۔

کرکٹ

عمران طاہر اب تک جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے 20 ٹیسٹ، 84 ایک روزہ میچ اور 20 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں

جنوبی افریقہ کی کرکٹ گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ ’طاہر نے کسی بھی شخص یا وہاں موجود کسی بھی بچے کو نہیں چھوا۔‘

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق نسل پرستانہ برتاؤ میں ملوث تماشائیوں کو سٹیڈیم سے بے دخل کرنے اور مزید پابندیوں کے علاوہ قانونی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

پاکستانی نژاد لیگ سپنر عمران طاہر اب تک جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے 20 ٹیسٹ، 84 ایک روزہ میچ اور 20 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔

خیال رہے کہ انڈٰیا اور جنوبی افریقہ کے مابین چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو ڈک ورتھ لیوس سٹرن میتھڈ کے تحت پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سیریز کا اگلا میچ منگل کو پورٹ الزبیتھ میں کھیلا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp