اقوام متحدہ کے تحت دہشت گرد قرار دی گئی تنظیمیں پاکستان میں بھی کالعدم قرار


فلاح انسانیت فاؤنڈیشن

غیر قانونی طریقے سے چندہ جمع کرنے والی تنظیموں سے متعلق معلومات انٹیلیجنس نیٹ ورک کے ذریعے حاصل کی جائیں گی

اقوم متحدہ کی جانب سے کالعدم قراد دی گئی تنظیموں پر پاکستان میں پابندی کے اعلان کے بعد حکومت نے فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن کے خلاف کریک ڈؤان شروع کر دیا ہے۔

وزیرِ مملکت برائے خزانہ رانا افضل نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے شدت پسند تنظیموں کے خلاف کارروائی ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے، جب آئندہ ہفتے پیرس میں ہونے والے فائننشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں پاکستان کو واچ لسٹ میں ڈالنے کے لیے تحریک پیش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل تنظیمیں پاکستان میں کالعدم

’جماعت الدعوۃ کے خلاف کریک ڈاؤن کے پیچھے امریکہ ہے‘

جماعت الدعوۃ کے لیے عطیات اور چندہ جمع کرنے پر پابندی

حافظ سعید کا بوجھ

ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو خبردار کیا گیا تھا کہ عسکریت پسندوں کی مالی معاونت کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان کو دوبارہ واچ لسٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

رانا افضل نے بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے بہت سے اقدامات کیے ہیں اور اس حوالے سے بین الاقوامی فائنشل ایکشن ٹاسک فورس کی شقوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب کچھ ممالک اس سلسلے میں پاکستان پر مزید دباؤ ڈال رہے ہیں اور پاکستان نہیں چاہتا کہ اُسے واچ لسٹ میں ڈالا جائے۔

اس سے قبل اتوار کو حکومت نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی تنظیموں کو پاکستان میں بھی کالعدم قرار دیا تھا۔

جس کے بعد اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل بارہ تنظیموں کے خلاف پاکستان میں بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی دباؤ کے تحت کچھ ایسی تنظیموں کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے جن کے بارے میں یہ یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ وہ غلط سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

رانا افضل نے کہا کہ ‘جیسے فلاح انسانیت فاونڈیشن (ایف آئی ایف) جو حافظ سعید کی تنظیم ہے کہیں ایمبولینسز چل رہی ہیں لیکن اب ہم نے اُن پر بھی پابندی لگا دی ہے تاکہ انھیں مطمئن کر سکیں۔ انھیں شائد اُن کا نام اچھا نہیں لگ رہا۔’

’کونسی طاقتیں ان تنظیموں کو سیاست میں لانا چاہتی ہیں؟‘

لشکر طیبہ کی طلبہ تنظیم، دو رہنما دہشت گردوں کی فہرست میں

رانا افضل نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ہو گیا ہے کہ وہ (ایف آئی آیف) اس نام کے ساتھ یا اُس بینر تلے کام نہیں کریں گی۔ اگر سروس یا ایمولینس چلنی ہے تو وہ کسی اور پلیٹ فارم اور کسی اور مینجمنٹ کے تحت کام کر سکتے ہیں، جس پر ان کو شبہ یا شک نہ ہو۔’

یاد رہے کہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن سنہ 2012 سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تحت کالعدم قرار دی گئی ہے لیکن پاکستان میں اس تنظیم کے تحت سینکٹروں ایمبولینسز ملک کی مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔

پنجاب میں فلاحِ انسانیت کے خلاف کریک ڈؤان شروع ہو گیا ہے اور راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چار ڈسپنسریوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

پاکستان کے وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ ‘اگر یہ تنظیمیں دہشت گردی میں ملوث ہیں تو اس کا ثبوت پاکستان کی حکومت کے پاس ہونا چاہیے یا پھر وہ ثبوت دیں جو ہمیں تجویز کر رہے ہیں۔’

اس سے قبل پاکستان کے مشیر برائے اُمور خزانہ مفتاح اسماعیل نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رویئٹرز کو بتایا تھا کہ پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل کرنے کے لیے امریکہ فائنشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں تحریک پیش کر رہا ہے اور برطانیہ، فرانس اور جرمنی بھی اُس کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس اقدام کو ناکام بنانے کے لیے بھی کوششیں تیز کردی ہیں۔

واضح رہے کہ ایف ٹی اے ایف ایک بین الحکومتی ادارہ ہے جو شدت پسندوں کی معاونت کرنے والوں کا تعین کرتا ہے۔

یاد رہے کہ دو ہزار بارہ سے دو ہزار پندرہ تک پاکستان فائنشل ایکشن ٹاسک فورس کی واچ لسٹ میں رہ چکا ہے۔

پاکستان کے وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس سے رابطے میں ہے تاکہ عالمی واچ لسٹ میں پاکستان کی نامزدگی کو روکا جاسکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp