ٹرمپ کے وکیل کا اعتراف کہ پورن سٹار کو پیسے دیے تھے


سٹورمی ڈینیئلز نے 2011 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ روابط تھے۔

سٹورمی ڈینیئلز نے 2011 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ روابط تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک طویل عرصے سے ذاتی وکیل مائیکل کوہن نے اخبار نیویارک ٹائمز سے بات کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے 2016 میں ذاتی حیثیت میں پورن فلموں کی ایک سٹار کو ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر دیے تھے۔

یاد رہے کہ امریکی میڈیا میں یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز کو ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مبینہ جنسی روابط کے بارے میں خاموش رہنے کے لیے پیسے دیے گئے تھے۔

سٹورمی ڈینیئلز نے 2011 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ روابط تھے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹرمپ کے ساتھ تعلقات: ’پورن سٹار کو ایک لاکھ ڈالر دیے گئے‘

ٹرمپ کے وکیل ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ صدر ٹرمپ ان روابط کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

نیو یارک ٹائمز نے مائیکل کوہن کے حوالے سے بتایا کہ ’نہ تو ٹرمپ آرگنائزیشن اور نہ ہی ٹرمپ صدارتی مہم اس ادائیگی کا حصہ تھی اور نہ ہی ان میں سے کسی نے براہِ راست یا بلاواسطہ طور پر مجھے بعد میں یہ رقم ادا کی۔‘

ٹرمپ کے وکیل

ٹرمپ کے وکیل ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ صدر ٹرمپ ان روابط کی سختی سے تردید کرتے ہیں

یاد رہے کہ مائیکل کوہن نے فیڈرل الیکشن کمیشن کے سامنے بھی اس حوالے سے یہی بیان جمع کروایا تھا۔

مائیکل کوہن کا کہنا تھا کہ اداکارہ کو ادائیگی قانون کے دائرے میں تھی اور یہ نہ تو انتخابی مہم میں کسی قسم کا خرچہ یا انتخابی مہم کے لیے کسی قسم کی امداد تھی۔

تاہم 2011 میں اِن ٹچ نامی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کا ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جنسی رشتہ 2006 میں ملانیہ ٹرمپ کے بیٹے بیرن کو جنم دینے کے کچھ عرصے بعد شروع ہوا تھا۔

یہ اطلاعات ایک مرتبہ پھر منظرِ عام پر اس وقت آگئیں جب اخبار وال سٹریٹ جنرل نے بتایا کہ 2016 کے صدارتی انتخاب سے قبل انھیں اس بارے میں خاموشی اختیار کرنے کے لیے پیسے دیے گئے تھے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اُس وقت یہ اداکارہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے بات چیت کرنے کے لیے امریکی میڈیا سے مذاکرات کر رہی تھیں۔

اخبار نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ مائیکل کوہن نے ان سوالوں کے جواب دینے سے انکار کیا کہ اداکارہ کو ادائیگی کیوں کی گئی یا کیا ٹرمپ اس بارے میں جانتے تھے۔

رواں سال جنوری میں سٹورمی ڈینیئلز نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انھوں نے اس رشتے کی تردید کی تھی۔

اس کے بعد سے وہ جب بھی ٹی وی یا پبلک میں کہیں آئی ہیں انھوں نے اس حوالے سے سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp