بھارتی دخل اندازی کے متعلق دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں: پرویز رشید


\"pervaizوفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی شوگر مل سے را ایجنٹوں کی گرفتاری کا الزام لگانے والے خود بھارتی ایجنٹ ہیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید کا کہنا تھا کہ 2013 میں دہشت گرد دیدہ دلیری کے ساتھ دندناتے پھرتے تھے اور روزانہ کی بنیاد پر 3 سے 4 دھماکے ہوتے تھے لیکن اب پاکستان پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اورپرامن ہے، نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عمل درآمد ہورہا ہے۔ ہمارے جوانوں نے امن کے قیام کےلئے قربانیاں دیں اور اپنا آج قوم کے کل پر قربان کردیا۔ فرقہ واریت کی بنیاد پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے۔
پرویزرشید کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول اوربجلی کی قیمتوں میں کمی کی اورپیٹرول کی قیمت میں کمی کی وجہ سے ہی اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی ہورہی ہے۔ پاکستانی روپے کی قیمت بھی مستحکم ہوئی اور قوت خرید میں بھی اضافہ ہوا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستانی کرنسی کو بے وقعت ہونے سے بچایا، ان تمام اقدامات کی نگرانی اور ہدایات خود وزیر اعظم نے کی لیکن کچھ عناصر کو حکومت کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی اوراب مخالفین ان کی شوگر مل سے غیر ملکیوں کے پکڑے جانے کی جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ الزامات لگانے والے نواز شریف کی کامیابیوں پر حسد کرتے ہیں۔ ”را“ پاکستان میں اس لیے کام کررہی ہے تاکہ پاکستان ترقی نہ کرے اور یہی کام مخالفین بھی کررہے ہیں۔ اب پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والوں اور را کا سوال اٹھانے والوں میں مقابلہ ہے۔ حکومت بیک وقت سازشوں، دھرنوں ، را کے ایجنٹوں اور ان کی ہی زبان بولنے والوں کے ساتھ مقابلہ کررہی ہے۔
بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کے بارے میں وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے معاملے پرحکومت تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔ بھارتی سفارتی نمائندے کو دفترخارجہ بلاکراحتجاج کیا گیا اوربھارتی ہائی کمشنرکو شواہد سے آگاہ کردیا گیا ہے، اورتمام سفارتخانوں کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اس مسئلے سے دنیا کو آگاہ کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments