ریس تھری؛ سیریز کی پہلی دو فلموں سے مختلف کیسے ہو گی؟


ریس سیریز کی گزشتہ 2 فلموں میں کامیاب اداکاری کے جوہر دکھانے کے باوجود ’ریس 3‘ میں سیف علی خان کی چھٹی ہوگئی اور ان کی جگہ بولی وڈ کے دبنگ خان سلمان خان نے لے لی ہے اور وہ اس فلم میں مرکزی کردار اداکریں گے جبکہ ان کے ساتھ جیکلین فرنینڈس ہیروئن کےطور پر جلوہ گر ہوں گی۔

یہاں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سلمان خان اور جیکلین فرنینڈس کی جوڑی کو فلم ’کک‘ کی کامیابی کے بعد کاسٹ کیا گیا ہے تاکہ ’ ریس 3‘ کو بھی کامیابی حاصل ہو۔

ریس 3 کے آنے میں ابھی کچھ وقت ہے لیکن جو دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ فلم سیریز کی دو فلموں سے کافی مختلف ہوگی کیونکہ دو فلموں تک اس سیریز کے رہنے والے ڈائریکٹر عباس مستان ریس 3 کا حصہ نہیں ہوں گے۔

عباس مستان کی جگہ بھارت کے مشہور ڈانسر، کوریوگرافر، اداکار اور فلم ڈائریکٹر ریمو ڈی سوزا نے لے لی ہے تاہم حیران کن بات یہ ہے کہ اس فلم کی کہانی تحریر کرنے والے کو تبدیل نہیں کیا گیا ہے اور ریس، ریس 2 کی طرح ریس 3 کی کہانی بھی اسکرپٹ رائٹر شیراز احمد کی تخلیق کردہ ہے۔

اس فلم کی ایک اور حیران کن بات یہ ہے کہ اس میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے اداکار سلمان خان نے اپنا 8 کلو وزن بھی کم کیا ہے تاکہ وہ مزید پرجوش انداد میں کردار نبھا سکیں۔

ریس 3 میں ایک اور بڑے اداکار کی بھی واپسی ہورہی ہے اور بالی وڈ کے سپر اسٹار دھرمندرہ کے بیٹے بوبی دیول اس فلم میں کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ 2013 میں فلم یملہ پگلا دیوانہ کے بعد بوبی دیول کسی بڑی فلم میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس فلم میں ہیرو کے ساتھ ساتھ ہیروئن کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور گزشتہ ’ریس 2‘ میں کردار ادا کرنے والی بولی وڈ اداکارہ دیپیکا پاڈوکون کی جگہ بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ جیکلین فرنینڈس نے لے لی ہے اور وہ فلم میں بطور ہیروئن جلوہ گر ہوں گی اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنی فٹنس پر کافی توجہ دینا شروع کردی ہے۔

تاہم ریس 3 کی ایک خاص چیز اسے سیریز کی دیگر 2 فلموں سے جوڑے رکھتی ہے اور وہ یہ ہے کہ ’ریس‘ اور ’ریس 2‘ میں اہم کردار ادا کرنے والے بالی وڈ کے معروف اداکار انیل کپور کو ’ریس 3‘ کا بھی حصہ بنایا گیا ہے اور وہ اس فلم میں اپنے منفرد انداز میں کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

ریس 3 کے حوالے سے ایک بات قابل ذکر ہے کہ اس فلم کی خاطر اداکار سلمان خان کو دھمکی کا سامنا بھی کرنا پڑا اور گزشتہ ماہ فلم کے ٹائٹل سونگ کی تشکیل کے دوران انہیں مارنے کی بھی دھمکی دی گئی، اس کے باوجود انہوں نے اپنا کام جاری رکھا ہوا ہے اور وہ اس فلم کی کامیابی کے لیے پُر امید ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).